ضلع کرم میں پہلی بار مسیحی خاتون افسر ثمرین عامر مسیح کو ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او کرم محمد عمران کا کہنا تھا کہ خاتون ایڈیشنل ایس ایچ او کی تعیناتی سے انصاف تک خواتین کی رسائی آسان ہوجائے گی کیونکہ خواتین کے مسائل خواتین پولیس اہلکار ہی بہتر انداز میں حل کر سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل ایس ایچ او ثمرین عامر مسیح پہلے رپورٹنگ سینٹر میں تعینات تھیں جبکہ محرم الحرام میں خواتین کی مجالس پر بھی ڈیوٹی سرانجام دے چکی ہیں۔
اپنی تعیناتی کے حوالے سے ثمرین عامر نے کہا کہ ایڈیشنل ایس ایچ او کرم تعینات ہونے پر بے حد خوشی ہے، نئی ذمہ داری ملنے پر خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کروں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں پہلی بار اقلیتی خاتون ایڈیشنل ایس ایچ او کی تعیناتی سے دیگر خواتین پولیس اہلکاروں کو بھی حوصلہ ملے گا اور پولیس بھرتیوں میں خواتین کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔