چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر سلطان راجہ نے منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وفد کو یقین دلایا کہ حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد ملک میں عام انتخابات جلد کرائے جائیں گے۔
نیئر بخاری، شیری رحمان، مراد علی شاہ، نوید قمر، تاج حیدر اور فیصل کریم کنڈی پر مشتمل پیپلز پارٹی کے وفد نے مشاورتی اجلاس کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا دورہ کیا۔ ای سی پی کے اراکین، سیکرٹری اور دیگر سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اسمبلیوں کی تحلیل کے 90 دن کے اندر عام انتخابات کرانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے حلقہ بندیوں کے جاری عمل کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے پر زور دیا تاکہ عام انتخابات کا شیڈول پہلے سے طے کیا جا سکے، جس سے معاشی استحکام لانے اور غیر یقینی صورتحال کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔