اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اورسازگار ماحول موجود ہے، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، برطانوی سرمایہ کار گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، پارلیمانی تعاون کے فروغ اور عوامی سطح پر رابطوں کے حوالے سے امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان صحت، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے علاوہ موجودہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو متحرک کرتے ہوئے پارلیمانی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اورسازگار ماحول موجود ہے، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے سرمایہ کاروں کو مراعات بھی دی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری و معاشی روابط عوام کو مزید قریب لانے میں مدد گار ثابت ہوں گے اورسرمایہ کاروں کا اعتماد معیشت کے استحکام میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ گوادر ایک نئے معاشی مرکز کی حیثیت سے ابھر رہا ہے۔برطانوی سرمایہ کار گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، گوادر خطے کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد برطانیہ میں آباد ہے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔ ملاقات میں سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی موجود تھے۔چیئرمین سینیٹ نے برطانوی ہائی کمشنر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی، سماجی و ثقافتی تنوع نے بہت متاثر کیا ہے، برطانیہ پاکستان کو اہم ملک تصور کرتا ہے اور تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔