سعودی عرب میں منشیات فروشی کے الزام میں 4 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں انسداد منشیات حکام نے ملکت کے مختلف خطوں میں منشیات کی تشہیر کرنے میں ملوث پانچ سماج دشمن عناصر کو حراست میں لینے کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول نے ریاض میں چار پاکستانی باشندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 1.9 کلو گرام میتھم فیٹامائن، نشہ آور منشیات شبو کی بھاری مقدار ضبط کرلی۔
اسی طرح جازان کے علاقے العارضہ سیکٹر میں سرحدی محافظوں کے گشت نے 111 کلو گرام منشیات کے پلانٹ کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا، سکیورٹی پٹرولنگ نے مکہ مکرمہ میں ایک شہری کو 3.4 کلو گرام نشہ آور چرس اور شبو کی تشہیر پر پکڑ لیا۔
ادھر ریاض میں ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے منشیات کے اڈے پرچھاپہ مارا، جہاں سے ایک پاکستانی شہری سمیت کم سے کم پانچ ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا، اس کارروائی کے لیے ریاض کی انسداد جرائم اینڈ انویسٹی گیشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک رہائشی عمارت میں چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران عمارت میں موجود ایک پاکستانی سمیت متعدد مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے نشہ آور ایم فیٹامین کی 7 ہزار 500 گولیاں، چرس کی 10 ہزار جب کہ چار آتشیں ہتھیار اور ان کا بارود برآمد کیا، گرفتاری کے بعد ملزمان کو مزید قانونی قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔