سردار گروپ آف کمپنیز(سینٹورس) کے چیئرمین سردار محمد الیاس کے اعزاز میں چیمبر میں تقریب

اسلام آباد (سی این این اردو): سردار گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین اور سینٹورس مال اسلام آباد کے مالک سردار محمد الیاس خان نے کہا کہ کسی بھی ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی ترقی کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل اشد ضروری ہے کیونکہ اس سے سرمایہ کاروں کو اعتماد ملتا ہے اور کاروباری طبقے کو بھی مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے میں سہولت ہوتی ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ دینے کیلئے کم از کم10 سالہ معاشی پالیس کا اعلان کیا جائے جو حکومت کی تبدیلی کی صورت میں بھی چلتی رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں ان کے اعزاز میں منعقد کی گئی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ان کونوجوان نسل کیلئے بطور رول ماڈل پیش کی گیا۔ سردار خاندان کے تمام اہم افراد سمیت، مارکیٹوں کے عہدیداران، یونیورسٹی اساتذہ و طلبا اور تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

سردار محمد الیاس خان نے کہا کہ ترکی کے صدر طیب اردگان نے کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کیلئے ایس ایم ایز کو 3سال کیلئے مفت بجلی فراہم کی اور 10ارب کی برآمدات کرنے والے ایکسپورٹرز کو دپلومیٹک پاسپورٹ جاری کئے اور اگر پاکستان میں بھی کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کی اسی طرح پذیرائی کی جائے تو ملک جلد قرضوں سے نجات حاصل کر کے اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکتا ہے اور معیشت پائیدار ترقی پر گامزن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل سیز کے مسائل، مہنگی بجلی اور 22فیصد بلند شرح سود پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی راہ میں اہم رکاوٹ ہیں لہذا ان مسائل کو جلد حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان میں کاروبار کرنا ایک جہاد ہے لہذا حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے اور ون ونڈو کی سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے اس موقع پر کاروبار کے میدان میں اپنی کامیابیوں کے بارے میں شرکاء کو تفصیل سے بتایا اور نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ شارٹ کٹ ڈھونڈنے کی بجائے محنت، لگن اور ایمانداری کے ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے اور فلاحی خدمات انجام دینے پر سردار محمد الیاس خان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سردار محمد الیاس خان کو حکومت نے ستارہ پاکستان کے اعزاز سے نوازا تاہم ان جیسے ہیروز کومزید بہتر اعزاز سے نوازنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار محمد الیاس خان نے اربوں روپے کا سرمایہ بیرونی ملک سے کما کر پاکستان میں لگایا جو ان کی اپنے وطن سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

سینٹورس مال تعمیر کر کے انہوں نے پاکستان میں بلندوبالا عمارتیں تعمیر کرنے کا ایک نیا رجحان متعارف کرایا۔ انہوں نے ہزاروں پاکستانیوں کو سعودی عرب میں روزگار دلوایا جو پاکستان میں اربوں روپے کی ترسیلات زر بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سردار محمد الیاس خان جیسے سرمایہ کاروں کو اپنا رول ماڈل بنائیں اور کاروبار کے شعبے میں آگے بڑھنے کیلئے ان کے تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کریں۔

سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سردار گروپ آف کمپنیز کا اس وقت پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے کاروبار اور سرمایہ کاری کی بہتری کیلئے آج کی تقریب میں جو تجاویز پیش کی ہیں وہ ان کو حکومت کے متعلقہ حکام تک پہنچانے کی کوشش کریں گے تا کہ ان پر عمل درآمد کیلئے غور کیا جائے۔

چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے پاکستان میں اربوں روپے کا کاروبار شروع کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر سردار گروپ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایسے رول ماڈلز کی حکومتی سطح پر زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے جس سے ملک میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔

آئی سی سی آئی کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے بھی سردار گروپ کی ملک کیلئے گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیااور مطالبہ کیا کہ حکومت تمام معاشی پالیسیاں کاروباری طبقے کی مشاورت سے تشکیل دے جس سے ملک میں صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت مشکلات سے نکل کر بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔

چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ چیمبر نے سردار محمد الیاس خان کو بطور رول ماڈل پیش کرنے تقریب منعقد کر کے ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ پاکستان کی نامور کاروباری شخصیات کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے اور اس سلسلے کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں