بلوچستان کے ضلع کیچ، تربت کے معروف عالم دین مفتی شاہ میر بزنجو کو گزشتہ شب نماز عشاء کے بعد مسجد سے نکلتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
واضح رہے کہ مفتی شاہ میر بزنجو پر اس سے قبل بھی دو حملے ہو چکے تھے۔ ان کی شہادت پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر، حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن، پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم رہنما میر شعیب احمد گاجی زئی اور دیگر کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے اس سانحہ کی شدید مذمت کی اور مرحوم کی جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی۔
مفتی شاہ میر عزیز بزنجو کی نماز جنازہ فٹبال اسٹیڈیم تربت میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔ ان کی تدفین ان کے آبائی علاقے پیدراک میں کی جائے گی۔