کیلیفورنیا کی سینیٹ میں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے تاریخی قرار دادمنظور

کیلیفورنیا کی سینیٹ میں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے تاریخی قرار دار منظور
قرارداد میں پاک امریکہ تعلقات اور کیلی فورنیا میں پاکستانی تارکین وطن کی گرانقدر خدمات کا اعتراف.امریکی ریاست کیلی فورنیا کی سینٹ نے ریاست میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے اگست میں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے تاریخی قراردار کی منظوری دی ہے جس میں پاک امریکہ تعلقات اور ریاست کیلی فورنیا میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ہے
تاریخی قرارداد نمبر 576 ریاستی سینیٹر جوش نیومین نے پیش کی جس کا عنوان “پاکستان-امریکی تعلقات” تھا۔
قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان نے 14 اگست 1947 کو اپنی آزادی کا اعلان کیا اور امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دیا ہے ۔ قراردار میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی آزادی مقصدِ آزادی کے ضمن میں ایک مثبت اقدام تھا اور ملک کی تاریخ نے دنیا بھر کی قوموں کو آزادی، انصاف اور مساوات کے حصول میں تحریک، حمایت اور معاونت فراہم کی ہے۔ پاکستانی تارکین وطن نے مستعدی، استقامت، اور امریکی خواب پر پختہ یقین کی بدولت ریاست کیلیفورنیا کے ترقی پذیر علاقوں کو ترقی یافتہ اور قابل احترام کمیونٹیز میں تبدیل کرنے میں مدد کی ہے اور اپنے بچوں کی بآور پاکستانی امریکیوں کے طور پر پرورش کی ہے اور
یہ کہ پاکستانی امریکی مرکزی دھارے کے امریکی معاشرے کا ایک لازمی حصہ بن چکے ہیں اور فنانس، ٹیکنالوجی، قانون، طب، تعلیم، کھیل، میڈیا، فنون، فوج اور حکومت کے شعبوں میں کیلیفورنیا کے باشندوں کے طور پر اور دیگر علاقوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ کہ کیلیفورنیا بھر میں عوام نے پاکستانی امریکیوں کی کامیابیوں، شراکتوں اور تاریخ کو تسلیم کرتے ہوئے اور پاکستانی امریکیوں کو درپیش چیلنجوں اور مواقع کو سراہتے ہوئے پاکستان-امریکی تعلقات کا جشن منایا ہے۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی ایک نئے دور کی تیاری کر رہی ہے اور ایک نئی تاریخ رقم کر رہی ہے، پاکستانی امریکی کمیونٹی اپنی نوجوان نسل میں اپنے آباؤ اجداد کی ہمت اور اقدار ، اپنی جڑوں کے ساتھ گہری وابستگی اور اپنی ذات پر فخر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ نسلی اور ثقافتی تنوع سے مالامال عظیم ریاست کیلیفورنیا میں مزید بہتر طور پر اپنا حصہ ڈال سکیں ۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر جوش نیومین پاکستان-امریکی تعلقات اور ریاست کیلیفورنیا میں مقیم پاکستانیوں جنہوں نے ثقافت، روایات اور کامیابیوں کو فروغ دیا ہے کو سراہتے ہیں۔
لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل عاصم علی خان، ستارہ امتیاز ، اپنی ٹویٹ میں سینیٹر جوش مین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ” آپ کا شکریہ سینیٹر جوش نیومین۔ کیلیفورنیا کی سینیٹ نے آج ایک متفقہ قرارداد منظور کی جس میں پاکستان کی آزادی کو دیگر اقوام کے لیے ایک تحریک کے طور پر تسلیم کیا گیا، پاکستانی امریکن کمیونٹی کے مثبت کردار اور پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاک امریکہ تعلقات کو یاد کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیلی فورنیا کی سینٹ سے منظور کی گئی یہ قراداد پاکستان اور کیلی فورنیا کے مابین پائیدار دوستی کے رشتے کو اجاگر کرتی ہے ۔
قونصل جنرل عاصم علی خان نے سینیٹ کے تمام ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے قرارداد کی حمایت کی اور کہا کہ اس اقدا سے ریاست کیلیفورنیا کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں