نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور کے الیکٹرک کے درمیان اشتراک عمل کے تحت شناختی تصدیق کی جدید ترین خدمات کے ذریعے صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس سلسلے میں دونوں اداروں کے درمیان معاہدے پر آج اسلام آباد میں دستخط کئے گئے۔ معاہدے کے تحت نادرا، کے الیکٹرک کو صارفین کے کوائف کی تصدیق کے لئے محفوظ اور موثر خدمات فراہم کرے گا۔
کے الیکٹرک 38 لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی کی خدمات فراہم کرنے والا پاکستان کا بڑا ادارہ ہے۔ نادرا خدمات کی بدولت شہریوں کو نئے کنکشن کے حصول، میٹر کی اپنے نام پر منتقلی اور رجسٹرڈ فائلرز کو اپنا شناختی کارڈ نمبر متعلقہ کے الیکٹرک اکاؤنٹ کے ساتھ لنک کرنے میں مدد ملے گی۔ کے الیکٹرک سروس سنٹرز میں آنے والے صارفین کی شناخت کی تصدیق انگلیوں کے نشانات سے کی جائے گی جبکہ آن لائن درخواستوں پر ویب سائٹ کے ذریعے خدمات فراہم کی جائیں گی۔
نادرا سہولیات کی بدولت کے الیکٹرک کو اپنی خدمات کی فراہمی اور شفافیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس معاہدے کا مقصد سکیورٹی اقدامات کو مستحکم بنانا، دھوکہ دہی کی روک تھام کرنا اور ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری یقینی بنانا ہے۔ یہ معاہدہ ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے نادرا کے پختہ عزم اور کے الیکٹرک کے وژن کی عملی تعبیر ہے جس سے پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی مرکز میں شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔