علامہ اقبال اوپن نیویورسٹی میں فائنل ایئر پراجیکٹ گرانٹ اور میرٹ سکالرشپس جیتنے والے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ یونیورسٹی نے ذہین طلبہ کے ساتھ ساتھ غریب، مستحق اور ضرورت مند طلبہ کو سکالرشپس دینے اور فیس میں رعایت فراہم کرنے کی مد میں گذشتہ سال125ملین کی خطیر رقم مختص کی تھی، مستحق طلبہ کو فیسوں میں رعایت فراہم کرنے،بلوچستان، قبائلی اضلاع اور گلگت بلتستان کے عوام کو میٹرک کی مفت تعلیم فراہم کرنے، ذہین طلبہ کو میرٹ سکالرشپس دینے کے لئے فنڈ کی کوئی قید نہیں، مختص کی گئی رقم کم پڑنے پر دوسرے اکاؤنٹس سے فنڈز ٹرانسفر کرکے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سہولت سے کوئی محروم نہ رہے، مستحق ہر طالب علم کو اُن کا حق مل جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکالرشپ کسی کو ملے کسی کو نہ ملے یہ نہیں ہوگا، کلاس کے تمام طلبہ بھی اگر80فیصدیا زائد نمبرز حاصل کریں، پوری کلاس کو سکالرشپ ملے گی۔وائس چانسلر کا یہ اعلان اُن کی علم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اب طلبہ کو چاہیے کہ وہ اِس سکالر شپ کو حاصل کرنے کے لئے محنت کرکے خود کو ایوارڈز حاصل کرنے والے طلبہ کی فہرست میں شامل کریں۔سمسٹر خزاں 2023ء کے فائنل امتحانات میں 15مختلف ڈپارٹمنٹس کے 129طلبہ نے 80فیصد سے زائد نمبرز حاصل کرکے میرٹ سکالرشپس جیتی ہیں جبکہ فائنل ائیر پراجیکٹ گرا نٹ کے لئے تین ڈپارٹمنٹس کے 13طلبہ منتخب ہو ئے ہیں۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا، تلاوت کی سعاوت حافظ محمد ہارون جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حافظ رفیق احمد الخیری نے حاصل کی۔سٹیج سیکریٹری کے فرائض، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز، سید غلام کاظم علی نے انجام دیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ناصر محمود نے مزید کہا کہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے محنت ضروری ہے۔ سکالرشپس جیتنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے، ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ میرٹ سکالرشپس کا مقصد ٹیلنٹ کوبڑھانا اور مستحق طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے میں مدد دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ سکالرشپس حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز کو دیکھ کر باقی طلبہ بھی ٹیلنٹ کی اس دوڑ میں شامل ہونے کی کوشش کریں گے۔وائس چانسلر نے کہا کہ طلبہ اپنے اپنے شعبہ جات میں خود کو ٹاپ ٹین کی فہرست میں شامل کرنے کے لئے محنت کریں، ٹاپ ٹین میں شامل ہونے کے بعد طلبہ کے لئے آگے بڑھنے کے راستے کھلے ہیں، اُن کے لئے دنیا میں وسیع مواقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاک نے باقی طلبہ کو بھی سکالرشپس جیتنے والے طلبہ جیسی صلاحیتیں دی ہیں، دونوں میں فرق صرف محنت کا ہے، اگر باقی طلبہ بھی محنت کریں تو وہ بھی یہ مقام حاصل کرسکتے ہیں۔تقریب کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس ایڈوائزری اینڈ کونسلنگ سروسسز نے کیا تھا۔تقریب سے فیکلٹی آف سائنسز کی ڈین، پروفیسر ڈاکٹر ہاجرہ احمدنے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو میرٹ سکالرشپ دینا پرواز کو بلندی پر لے جانے کا ایک بوسٹ ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم اقبال کے شاہین ہو، بلندیوں کو چھونے کے لئے اپنی محنت جاری رکھیں۔ِپروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشدنے سٹوڈنٹ سپورٹ فنڈ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم و تربیت کی فراہمی ریاست کی اہم ترین ذمہ داری ہے جس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی متالی کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی بلوچستان بھر میں، گلگت بلتستان اور قبائلی اضلاع)سابقہ فاٹا(میں میٹرک کی تعلیم بالکل مفت فراہم کرتی ہے، اسی طرح یونیورسٹی خواجہ سراؤں، جیل کے قیدیوں، معذور افراد اور شہداء کے بچوں کو بھی مفت تعلیم فراہم کررہی ہے جس سے ثابت ہے کہ اوپن یونیورسٹی بزنس نہیں کمیونٹی کی خدمت کررہی ہے۔انہوں نے سکالرشپس جیتنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں اچھا مقام پانے، اچھی ملازمت حاصل کرنے کے لئے اسی جذبے سے اپنی محنت کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس ایڈوائزری اینڈ کونسلنگ سروسسزکے ایڈیشنل ڈائریکٹر، سید غلام کاظم علی نے کہا کہ طلبہ کو مالی اعانت فراہم کرنے کے لئے سٹوڈنٹ سپورٹ فنذ کے تحت سکالرشپس کی مختلف اسکیموں میں 125ملین کی خطیر رقم مختص کی گئی تھی جس سے 36,640طلبہ مستفید ہوئے جس میں 23ہزار طلبہ کو میٹرک کی مفت تعلیم فراہم کی گئی اور اس کاوش کا تمام تر سہرا وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے سر ہے جنہوں نے سرپرستی کرکے ہمیشہ بھرپور سپورٹ فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سمسٹر خزاں 2023ء کے امتحانات میں میرٹ سکالرشپس حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات دینے کی یونیورسٹی کی تاریخ کی پہلی تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے اور اب یہ یونیورسٹی کی مستقل تقریب ہوگی۔تقریب کے آخر میں وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کامیاب طلبہ میں انعامی رقوم کے چیک تقسیم کئے، وائس چانسلر نے سٹوڈنٹ سپورٹ فنڈ کے نظام کو منظم طریقے سے چلانے پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز، سید غلام کاظم علی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے انہیں اور اُن کی پوری ٹیم کو ایک پروقار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔تقریب کے اختتام پر کامیاب طلباء و طالبات کا وائس چانسلر، اساتذہ اور منتظمین کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔