اسلام آباد: منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سیّد طارق محمود الحسن نے اسلام آباد میں عراق کے سفیر حامد عباس لافطہ کی خصوصی دعوت پر عراقی سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں عراقی سفیر نے انکا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
اس ملاقات کے دوران ،عراقی سفیر نے سید طارق محمود الحسن کو منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ایم ڈی بیت المال نے سماجی شعبوں میں عراقی سفارتخانےکی دلچسپی کو سراہا اور مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ دونوں برادر ملک ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے کام آتے رہے ہیں اور عراق میں بہت سے پاکستانی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
دوران ملاقات میں ایم ڈی بیت المال اور عراقی سفیر نے پاکستان میں بیت المال کے پراجیکٹس میں مدد کرنے کا وعدہ کیا جس کے مطابق یتیم بچوں کی اعانت، عراقی کونسل خانے میں پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں کے اعزاز میں ایک تقریب جس میں تمام سفارتخانوں کے سفیروں کو دعوت دی جائے گی۔
جبکہ عراق میں ایک ثقافتی ایونٹ میں بیت المال کے ادارے ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز میں تیار کی گئی مصنوعات کی نمائش کی جائے گی جس کے تمام اخراجات عراقی ایمبیسی برداشت کرے گی۔ ایم ڈی بیت المال نے عراقی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔