اسلام آباد: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پائلٹس کے لیے جدید ترین امتحانی مرکز کا افتتاح کردیا۔نیا امتحانی مرکز پاکستان کے شمالی علاقوں میں خواہشمند پائلٹس کو بہتر رسائی اور سہولت فراہم کرے گا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ، افتتاحی تقریب (آئی آئی اے پی) میں ہوئی اور اس کی صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی، ایئر مارشل (ر) فرحت حسین خان نے کی۔ تقریب میں سیکرٹری ایوی ایشن، ڈائریکٹر جنرل پی سی اے اے، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی سی اے اے، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ریگولیٹری)، ڈائریکٹر پرسنل اینڈ لائسنسنگ، اور منیجر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی انٹرنیشنل (UKCAAi) کے نمائندے مسٹر میٹ مارگیسن اور مسٹر ایان سانڈرز بھی موجود تھے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں اس امتحانی مرکز کے قیام کے ساتھ، شمالی علاقہ جات سے پائلٹ امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدوار اب (پی سی اے اے) کی جدید سہولیات، جدید تکنیکی مدد، اور UKCAAi اور پاکستان میں برٹش کونسل کے تعاون سے ان کی ماہرانہ تکنیکی اور انتظامی نگرانی سے مستفید ہو سکیں گے۔
پی سی اے اے پاکستان میں مستقبل کے پائلٹوں کے لیے بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جس کا مقصد ہوا بازی میں رائج عالمی معیار کے حصول میں ان کی ترقی اور کامیابی کو یقینی بنانا ہے۔