لاس اینجلس، امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، ہائبرڈ بیج کی پیداوار اور کلائیمیٹ سمارٹ فصلوں اور زراعت میں امریکہ کی مہارت اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان زراعت کے شعبے میں دیرینہ تعلقات ہیں ۔ دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے آپس میں روابط ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار سفیر مسعود خان نے کیلیفورنیا کی لیفٹیننٹ گورنر ایلینی کونالاکس سے لاس اینجلس میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل عاصم علی خان بھی موجود تھے۔
سفیر پاکستان لاس اینجلس کے تین روزہ دورے پر ہیں جہاں وہ کیلیفورنیا کی سینئر قیادت، تھنک ٹینک اور میڈیا نمائندگان اور بالخصوص کیلیفورنیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر ایلینی کونالاکس سے بات کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ دونوں فریقین آئی ٹی اور توانائی کے شعبوں میں بھی تعاون کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی سلیکون ویلی سے جڑا ہوا ہے اور متعدد پاکستانی نژاد امریکی کمپنیاں پاکستان کے ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔اسی طرح قابل تجدید توانائی اور خصوصاً نیو انرجی کے شعبے میں تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی اور امریکہ کی جامعات کے آپس میں روابط ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا امریکی پارٹنر یونیورسٹی کے ساتھ کثیر جہتی تعاون ہے۔
پنجاب اور کیلیفورنیا سسٹر سٹیٹ تعلقات کے قیام میں گورنر کے کردار کو سراہتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ سسٹر سٹیٹ تعلقات کے تحت تعاون کو اگلے درجے تک لے جانے کی ضرورت ہے تاکہ اس نظام کی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکے۔
لیفٹیننٹ گورنر ایلینی نے سفیر پاکستان کے ریمارکس کو سراہتے ہوئے کہا کہ زراعت کے شعبے میں امریکہ کے پاس بہترین ٹیکنالوجی اور طریقے رائج ہیں اور وہ ریاست میں کاشتکاری کے بارے تاثر کو تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور کیلیفورنیا کے درمیان زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ دونوں فریقین نے آئی ٹی اور توانائی سمیت دیگر شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر ایلینی کونالاکس نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان ثقافتی اور عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے نیٹ فلکس پر پاکستانی فلمی مواد کی جگہ دینے میں مدد کی پیشکش بھی کی۔
اورنج کاؤنٹی کی معروف عالمی امور کونسل نے سفیر مسعود خان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جہاں سفیر پاکستان نے بڑی تعداد میں موجود دانشوروں، پالیسی تجزیہ کاروں اور دیگر شعبوں کے ماہرین سے گفتگو کی۔
مسعود خان نے کہا کہ پاکستان امریکہ یا چین انتخاب نہیں کرنا چاہتا۔ اس کے بجائے پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان افہام و تفہیم بڑھانے اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوامی روبط ، طلباء اور ماہرین تعلیم، قانون سازوں، سرکاری اہلکاروں، تاجروں اور ایک دوسرے کے ممالک کا سفر کرنے والے سرمایہ کاروں کے تبادلوں کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے ۔ یہ کل آبادی کا ایک بڑا حصہ ہے۔ ملک کی 300 سے زائد جامعات نوجوان نسل کو ایسی مہارتوں سے آراستہ کرنے میں مصروف عمل ہیں جو پاکستان کی معیشت میں معاون ثابت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ کیلیفورنیا میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود ہے اور ہم متعدد طریقوں سے کیلیفورنیا کے ساتھ جڑے ہیں۔
پاک امریکہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر نے قیام پاکستان کے بعد سے لیکر تعلیم، زراعت اور مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے شعبوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو اجاگر کیا۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ کو پاکستانی ٹیک ایکسپورٹ گذشتہ سال 1.4 بلین ڈالر تک پہنچ گئی جو کہ ٹیک سیکٹر میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی غماز ہیں ۔
مسعود خان نے اس امرکو اجاگر کیا کہ سلیکون ویلی سے تعلق رکھنے والی وینچر کیپیٹل کمپنیاں پاکستان میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ اس نظام کو مزید بہتر بنایا جانا چاہیے اور اسے پاکستان اور امریکہ کے درمیان سرمایہ کاری کے لیے ایک اتپریرک (کیٹے لسٹ) کے طور پر برؤے کار لانا چاہیے ۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے یو ایس بیورو آف ایجوکیشن اینڈ کلچرل افیئرز اور یو ایس پاکستان بزنس کونسل کی مدد سے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
بعد ازاں مسعود خان نے ڈورسی اور وٹنی ایل ایل پی کا دورہ کیا اور فرم کے بین الاقوامی طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔
سفیر نے کیلیفورنیا میں اسپیس ایکس کے ہیڈ کوارٹر اور اسٹار لنک کا بھی دورہ کیا۔
انہیں سٹار لنک کے عالمی آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور اس کی مینوفیکچرنگ سہولت کا دورہ کیا۔ مسعود خان نے اسپیس ایکس کی جدت اور تکنیکی ترقی کو سراہا۔
مسعود خان نے مختلف عہدیداروں، منتخب نمائندوں اور ریاست کیلیفورنیا کے میئرز کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں جن کے دوران پاکستان اور کیلیفورنیا کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔