اسلام آباد: پاکستان میں نارویجئن سفیر مسٹر پر البرٹ الساس کا دورہ ہلال احمر ،چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری سے ملاقات ہوئی جس میں ہلال ِاحمر پاکستان کے جاری پروگراموں،سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی و تعمیر نو کی صورتحال اور مشترکہ اقدامات سے متعلق بات چیت کی گئی۔
نیشنل ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات میں نارویجئن سفیر کو ہلالِ احمر کے اقدامات، امدادی سرگرمیوں سے متعلق بتایا گیا۔نارویجئن سفیر نے متاثرہ لوگوں کی بہتر خدمت کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے باہمی تعاون اور مدد بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔ نارکراس اور ہلالِ احمر پاکستان کے مشترکہ پروگراموں کو وسعت دینے کی بات بھی کی گئی۔ نارویجئن سفیر نے ہلالِ احمر پاکستان کی خدمات اور جاری پروگراموں کو سراہا اور ہلال احمر کے ملک بھر میں جاری پروگرامز اور والنٹیر نیٹ ورک کو قابل ِ رَشک قرار دیا۔
اس موقع پر نارویجئن سفیر کا کہنا تھا کہ سردار شاہد احمد لغاری کی دور اندیش قیادت میں ہلالِ احمر پاکستان نے انسانیت کی خدمت میں نئی جہت سے نام کمایا ہے۔ اِس موقع پر چیئرمین ہلالِ احمر سردار شاہد احمد لغاری نے ناروے حکومت اور بالخصوص نار کراس کے تعاون کو مثالی قرار دیتے ہوئے خیبر پختونخوا، اورضم اضلاع سمیت دیگر صوبوں بشمول سندھ اور بلوچستان میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہلالِ احمر کی جاری سرگرمیوں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی و تعمیر ِ نو سے متعلق بتایا۔ انہوں نے نارویجئن ریڈکراس کے اشتراک سے چلنے والے صحت عامہ، سینی ٹیشن،واٹر سپلائی سکیموں ،سولر واٹر فلٹر پلانٹس ،موبائل ہیلتھ یونٹس اور بنیادی مراکز صحت،پانچ سال سے کم عمر کے بچوں ، حاملہ خواتین اور نو زائیدہ بچوں کے لیے متوازن خوراک کی فراہمی کے علاوہ آفت زدگان کے لیے نقد مالی مدد جیسے پروگراموں پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے ناروے کے سفیر کی جانب سے انسانیت کی خدمت میں گہری دِلچسپی لینے کو سراہا اور پاکستانی قوم کی ضروریات سے متعلق ہر ممکن تعاون کی بھی تعریف کی۔ البرٹ الساس نے ہلال ِاحمر کی قیادت میں جاری پروگراموں کو قابلِ رَشک قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون اور مدد کو بڑھانے کا بھی عندیہ دیا۔
بعد ازاں ، ہلالِ احمرپاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے نارویجئن سفیر کا ہلالِ احمر کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات سے بڑھ کر برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کی بھی بنیاد بنے گا۔ ناروے کے سفیر کو ہلال ِاحمر کی یادگاری شیلڈ اور سوئینر بھی پیش کیا گیا۔