امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کا کَریبین سمندر میں واقع جمیکا کے دارالخلافہ کا پہلا سرکاری دورہ

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کریبین سمندر (چھوٹے جَزائر غَربُ الہِند) میں واقع جمیکا کے دارالخلافہ کنگسٹن کا پہلا سرکاری دورہ کیا ہے اور جمیکا کے گورنر جنرل سر پیٹرک لنٹن ایلن کو بطور پاکستان کے غیر رہائشی سفیر (نان ریزیڈنٹ ایمبیسیڈر) اپنی سفارتی اسناد پیش کی ہیں۔

گورنر جنرل کو اپنی سفارتی اسناد پیش کرنے کے بعد سفیر پاکستان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ سر پیٹرک ایلن سے ملاقات ان کے لئے اعزاز ہے جو نہ صرف مذہبی رہنما، تعلیم دان اور کرکٹر ہیں بلکہ پورے خطہ کیریبین میں اتحاد کی علامت ہیں ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ گورنر جنرل کے ساتھ مل کر پاکستان اور جمیکا کے تعلقات کو مضبوط کرنے کے حوالے سے کام کریں گے۔
قبل ازاں سفیر پاکستان نے جمیکا کی وزیر برائے خارجہ امور و غیر ملکی تجارت محترمہ کامینہ جوہنسن سمتھ سے بھی ملاقات کی اور دو طرفہ تجارت، اقوام متحدہ و دیگر پلیٹ فارموں پر باہمی تعاون اور پاکستان کی رکنیت ، ماحولیاتی تبدیلی، سمندر کی سطح سے متعلقہ معاملات، امن اور سیکیورٹی جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اپنی ٹویٹ میں ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے سفیر پاکستان نے خوشخبری دی کہ پاکستان اور جمیکا کے مابین تعاون کا فریم ورک معاہدے کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ سفیر پاکستان نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر محترمہ کامینہ کی کاوشوں کو سراہا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے عالمی اور علاقائی سطح پر وزیر خارجہ کی قیادت کو بھی دادِ تحسین پیش کیا۔
جمیکا کے دو روزہ دورے کے دوران سفیر پاکستان نے جمیکا کی پارلیمنٹ کا بھی دورہ کیا اور جمیکا کے وزیرِ خزانہ و پبلک سروس نیگل کلارک کی بجٹ تقریر بھی سنی۔
سفیر پاکستان نے جمیکا میں موجود پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کی ۔ اس ملاقات کا اہتمام جمیکا میں معروف پاکستانی شخصیت طارق ملک کی جانب سے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ عشایئے پر کیا گیا تھا۔ ملاقات کے حوالے سے سفیر پاکستان نے لکھا کہ جمیکا میں پاکستانی کمیونٹی نے قلیل تعداد کے باوجود اپنی محنت اور قابلیت سے اپنا منفرد مقام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طارق ملک کی کامیابی کا جمیکا کے ہر شہری کی جانب سے اعتراف کیا جاتا ہے۔
پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات میں سفیر پاکستان نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی جائے اور پاکستانی کمیونٹی اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ انہوں نے پرتکلف مہمان نوازی پر طارق ملک کا شکریہ ادا کیا۔

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کا کَریبین سمندر میں واقع جمیکا کے دارالخلافہ کا پہلا سرکاری دورہ“ ایک

اپنا تبصرہ لکھیں