وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا رمضان المبارک1445ھ کے آغاز پر قوم کے نام پیغام

اسلام آباد: رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے کے آغاز پر میں پاکستانی قوم سمیت پوری امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔ یہ اللہ رب العزت کا ہم پر خاص کرم اور رحمت ہے کہ ہمیں ایک مرتبہ پھر سے رمضان المبارک کی برکتیں سمیٹنے کا موقع مل رہا ہے۔ ہر سال ماہِ رمضان میں عبادات سے خالق کی قربت اور مخلوق میں خیر بانٹ کر رب کائنات کے احکامات کی بجا آواری اس مہینے کو مسلمانوں کے لئے روحانیت کی معراج اور اخلاقی تجدید نو کا ذریعہ بناتی ہے. یہ مہینہ امتِ مسلمہ کے مابین ہمدردی، اخوت، بھائی چارے، اور تعاون کے بنیادی اصولوں کی اساس کی مضبوطی کا باعث بھی بنتا ہے۔

رمضان کا مہینہ جہاں ہر مسلمان کیلئے انفرادی طور پر اپنے گناہوں کی بخشش اور اخلاقی اصلاح اور جسمانی صحت و تندرستی کیلئے موزوں ترین ماحول فراہم کرتا ہے وہیں پورے اسلامی معاشرے میں موجود برائیوں کے خاتمے کا بھی سبب بنتا ہے. صبر و استقامت، بردباری، صلہ رحمی اور رضائے الہی کیلئے اپنی خواہشات پر قابو مسلمانوں کو ایک نئے آغاز کا بہترین اور منفرد موقع فراہم کرتے ہیں. ایک روزے دار کو بھوک اور پیاس سے اپنے اردگرد موجود معاشی طور پر کمزور لوگوں کے جذبات و احساسات کا اندازہ ہوتا ہے اور معاشرے میں ایک دوسرے کی مدد کے جذبات پروان چڑھتے ہیں.

پاکستان اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے اور مجھے بخوبی احساس ہے کہ مہنگائی نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے. حکومت نے اس حوالے سے ایک تاریخی رمضان ریلیف پیکیج دیا ہے مگر میں اپنے تمام صاحبِ ثروت پاکستانیوں سے گزارش لرونگا کہ اس ماہِ رمضان اپنے اردگرد موجود معاشی طور پر کمزور لوگوں کی ضرور مدد کریں.

میری پوری قوم سے اپیل ہے کہ رمضان المبارک میں صہیونی ظلم و جبر کے شکار غزہ اور فلسطین کے مظلوم شہریوں کی مددونصرت کیلئے بھی دعا کریں۔ حکومت پاکستان اور پوری پاکستانی قوم نہ صرف غاصب اسرائیل کےنہتے فلسطینیوں پر ظلم کی مزمت کرتی ہے بلکہ عالمی برادری کو جنگ بندی کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتی ہے. میری اپنی قوم سے بھارتی مظالم کا شکار اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو بھی دعاؤں مین یاد رکھنے کی اپیل ہے.

اس رمضان المبارک میری پوری قوم سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور دعاؤں کی اپیل ہے۔ میری اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں اور فضیلتوں سے نوازے اور ملک پاکستان کو ترقی و کامیابی عطا فرمائے۔ آمین!

پاکستان پائندہ باد

اپنا تبصرہ لکھیں