اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے جاری پیغام میں کہا کہ ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کی طرف سے جاری پیغام کے مطابق ، انہوں نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی کے لیے ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا ضروری ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کیا جو 8 مارچ کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔
معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے اسپیکر نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دنیا بھر میں خواتین کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کے خاتمے، جبر و تشد کی روک تھام اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کوششیں کرنے اور ضروری قانون سازی کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہمارا مذہب خواتین کو مساوی حقوق اور عزت و احترام دیتا ہے اور صنفی امتیاز کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے بارے میں منفی سوچ اور رویوں کو بدلنے اور انہیں قومی دھارے میں لانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے اقتصادی شعبوں میں آگے لانے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خواتین کو ان کا جائز مقام دلانے، بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان میں خواتین کی بھرپور نمائندگی موجود ہے اور وہ قانون سازی بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں اور آئندہ بھی کرتی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں محترمہ مریم نواز کا بطور وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونا ملک میں خواتین کی سیاسی عمل میں بھرپور شمولیت اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ان کے فعال کردار کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ محترمہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کے اہم سنگ میل عبور کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ محترمہ بےنظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت خواتین کی ترقی اور ان کی خوشحالی کے لیے مزید بہتر اقدامات کرے گی۔