سفیر پاکستان مسعود خان، میئر نیویارک سٹی ایرک ایڈمز اور دیگر کی جانب سے پاکستانی نژاد پولیس افسران کو شاندار خراج تحسین

٭ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کا بڑھتا ہوا کردار سمندر پار پاکستانیوں کی صلاحیتوں اور مضبوط پاک امریکہ تعلقات کا عکاس ہے: مسعود خان

امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا ہے کہ زندگی کے تمام شعبوں میں پاکستانی نژاد امریکیوں کا بڑھتا ہوا کردار اور شاندار کارکردگی ہمارے لوگوں کی صلاحیتوں اور بڑھتے ہوئے پاک امریکہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں چھ سو سے زائد اور امریکہ بھر میں ایک ہزار کے لگ بھگ پاکستانی نژاد پولیس افسران کا خدمات سرانجام دینا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام ” ماہ برائے پاکستانی ورثہ اور قراردادِ پاکستان” کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اعلیٰ سطح کی اس تقریب میں میئر نیویارک سٹی ایرک ایڈمز، فرسٹ ڈپٹی کمشنر تانیہ او کنسیلا، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے چیف جیفری بی میڈری، ریاستہائے متحدہ کے ڈسٹرکٹ جج زاہد قریشی، قونصل جنرل آف پاکستان عامر احمد اتوزئی بھی شریک تھے ۔ چھ سو سے زائد شرکاء سے بھرے ہال میں سفیر پاکستان نے بطور مہمان خصوصی تقریب کا افتتاح کیا۔ تقریب کا انعقاد پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی اور نیو یارک میں پاکستانی قونصلیٹ کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ پاکستانی ورثے اور پولیس ڈیپارٹمنٹ میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی افسران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس طرح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہو۔
اس موقع پر میئر نیو یارک سٹی ایرک ایڈمز نے کہا کہ آج کی تقریب قانون نافذ کرنے والے اداروں میں پاکستانیوں کی خدمات کو سراہنے کا ایک بہترین موقع ہے جو نیو یارک جیسے بڑے شہر کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی ثقافت اور ورثے کے بارے میں ہماری سمجھ بوجھ کو مزید گہرا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

میئر نے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پاکستانی افسران کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا اور پاکستانی کمیونٹی کے حوالے سے اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے تقریب کے انعقاد پرصدر پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی، روحیل خالد کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امریکہ میں پاکستانی نژاد امریکی نوجوانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی کے کردار کی بھی تعریف کی۔
سفیر پاکستان نے کہ ہمیں اپنے بیٹوں اور بیٹیوں پر فخر ہے جو پولیس کے شعبے میں کمیونٹی کی خدمت کر رہے ہیں اور ہماری کمیونٹیز کے درمیان شمولیت، تنوع اور افہام و تفہیم کے جذبے کو فروغ د ینے کے لئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کے ورثہ اور قرارداد ‘‘ کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد ایک خاص اہمیت کا حامل ہے اور یہ ہمارے پاک امریکہ قریبی تعلقات کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ امریکہ میں موجود دس لاکھ پاکستانی، پاکستان اور امریکہ کے درمیان سب سے زیادہ پائیدار ربط ہیں۔
پرزور تالیوں کی گونج میں سفیر پاکستان نے بتایا کہ کراچی اور نیویارک شہر کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات جبکہ سندھ اور پنجاب اور نیو یارک ریاست کے مابین سسٹر سٹیٹ تعلقات کے قیام کے لئے کوششیں جارہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں