ایرانی صدر نے محمد شہباز شریف کو پاکستان کا نیا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی

اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے محمد شہباز شریف کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا نیا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

اپنے ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط کی روشنی میں مطلوبہ اور مناسب سطح تک پہنچنے کے لیے تعاون کو مضبوط اور دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے مزید محنت کریں گے۔

ایرانی صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی مستقل پالیسی کے دائرہ کار میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے برادر اور پڑوسی ملک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کو مضبوط اور گہرا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

علاوہ ازیں رئیسی نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کی نئی حکومت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی طرف قدم اٹھائے گی اور اللہ تعالیٰ سے نئی حکومت کی کامیابی اور پاکستانی قوم کی خوشیوں اور بھلائی کے لیے دعا کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں