اسلام آباد: شہباز شریف مسلسل دوسری دفعہ پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں ۔ آج صبح قومی اسمبلی کا سیشن شروع ہوتے ہی اپوزیشن اراکین اور پی ٹی آئی کے اراکینِ اسمبلی کی جانب سے شور شرابہ اور نعرے بازی شروع کر دی گئی تاہم وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اس کے باوجود اپنی تقریر جاری رکھی اوران کی حکومت کی جانب سے مستقبل کے ممکنہ پروگراموں کا تفصیل سے ذکر کیا اور اسں کے ساتھ ساتھ انہوں نے قائد مسلم لیگ نواز شریف اور دیگر پارٹیوں کے قائدین کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے ، وزیراعظم شہبازشریف 1988 میں پہلی بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔جبکہ وہ 1990 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
شہبازشریف دوسری بار 1993 میں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوکر قائد حزب اختلاف بنے۔وہ تیسری بار 20 فروری 1997 میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوکر وزیراعلی پنجاب بنے۔جبکہ شہبازشریف 2008 میں چوتھی بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوکر دوسری بار وزیراعلی پنجاب بنے۔شہبازشریف 2013 میں پانچویں بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوکر تیسری بار وزیراعلی پنجاب بنے۔شہبازشریف 2018 میں دوسری دفعہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور قائد حزب اختلاف بنے۔
شہبازشریف پہلی بار 11 اپریل 2022 تا 12 اگست 2023 تک پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم پاکستان کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی میاں محمد شہباز شریف کو بھاری اکثریت سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ان کا کہنا تھا کہ میاں محمد شہباز شریف کا دوسری بار وزیراعظم پاکستان کا انتخاب اتحادی جماعتوں کے قائدین اور اراکین قومی اسمبلی کی ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ محمد شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں وفاقی حکومت ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کا میاں محمد شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف کا وزیر اعظم منتخب ہونا ان پر اتحادی جماعتوں کے سربراہان اور ممبران قومی اسمبلی کے بھرپور اعتماد کی عکاسی ہے۔انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کے دوران ہمیشہ ملک و قوم کی خلوصِ نیت سے بے لوث خدمت کی ہے۔