اسلام آباد : پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک، اور ڈاکٹر سید خورشید حسنین، مشیر کامسٹیک نے بارسلونا میں منعقدہ موبائل ورلڈ کانگریس میں ہواوے کی سائبر سیکیورٹی اور پرائیویسی پروٹیکشن ٹیم سے ملاقات کی۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے بتایا کہ کامسٹیک رکن ممالک کے فائدے کے لیے ہواوے ٹیکنالوجیز کی صلاحیتوں اور مواقع سے استفادہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
شراکت داری کے دائرہ کار پر بات کرتے ہوئے، پروفیسر چودھری نے تعلقات کو ایک انتہائی لچکدار تعاون قرار دیا۔ انہوں نے صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، زراعت اور سائبر سیکیورٹی جیسے شعبوں میں ہواوے ٹیکنالوجیز کو متعارف کرانےاور استعمال کرنے کے لیے تعاون کو وسعت دینے کے ارادے کا اظہار کیا۔
حال ہی میں کامسٹیک اور ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان نے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ قومی سائبر سیکیورٹی سے متعلق آگاہی کو فروغ دیا جاسکے اور او آئی سی کے رکن ممالک کی سائبر سیکیورٹی میں صلاحیتوں کو تقویت دی جاسکے۔ اس مفاہمت نامے کے تحت او آئی سی ممالک کے سرکاری ملازمین کے لیے سائبر سیکیورٹی سے متعلق آگاہی اور صلاحیت کی تعمیر میں مدد ملے گی۔
پروفیسر چودھری نے مزید کہا کہ کامسٹیک رکن ممالک کی قومی حکمت عملیوں کی بہتر تفہیم پیدا کرنے کے لیے ہواوے کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تاکہ وہ اپنی ڈیجیٹل تبدیلی کی پالیسیاں بنا سکیں اور قانون سازی کر سکیں۔
ڈاکٹر سید خورشید حسنین ہواوے پاکستان ٹیم کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ ان سرگرمیوں کا ایک میٹرکس تیار کیا جا سکے جن میں ورکشاپس، قومی اور بین الاقوامی تربیتی پروگرامز، اور کچھ ٹیکنالوجیز کا نفاذ شامل ہیں۔
یاد رہے ، کامسٹیک اور ہواوے کے درمیان تعاون کا مقصد او آئی سی ممالک کی سائبرسیکیوریٹی کی مہارت کو بڑھانا ہے، جس میں سیکورٹی مینجمنٹ، سیکورٹی وقوعہ کے ردعمل، خطرے کے انتظام اور ابھرتی ہوئی سیکورٹی ٹیکنالوجیز اور ضروریات سے باخبر رہنے جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔