ایتھوپین سفیر جمال بیکر کی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات

اسلام آباد : پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ نے منگل کے روز اسلام آباد میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی ۔

ملاقات کے دوران فریقین نے بحری اور علاقائی سلامتی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پرسفیر جمال بیکر عبد اللہ نے بحریہ کے سربراہ کو ایتھوپیا کی طرف سے خطے میں افریقی عوام کے درمیان اخوت، بھائی چارے اور تعاون کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔

سفیر نے نیول چیف کو وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کی حکومت کی طرف سے ادیس ابابا میں 37ویں افریقی یونین سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس میں افریقی ممالک کے 49 سے زائد سربراہان مملکت اور بین الاقوامی سطح کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون کرکے علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے میں ایتھوپیا کے کردار کو اجاگر کیا۔

ملاقات کے دوران ایتھوپیا کے علاقائی انضمام کے اقدامات بشمول گرینڈ ایتھوپیا رینیسنس ڈیم، بندرگاہوں کے تنوع اور ہمسایہ ممالک کو توانائی کی برآمد پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر، سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا نے حال ہی میں صومالی لینڈ کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جو مکمل طور پر بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا پورے خطے میں منصفانہ اور مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے برادر ممالک کے ساتھ اپنے وسائل بانٹ کر پورے خطے کو جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔

دوسری جانب چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے متعدد اقدامات کے ذریعے علاقائی انضمام میں ایتھوپیا کے کردار کو تسلیم کیا۔انہوں نے ایتھوپیا کی حکومت کو اے-یو سربراہی اجلاس کے کامیابی سے انعقاد پر مبارکباد دی۔

نیول چیف نے اس موقع پر ایتھوپیا کی تاریخی اہمیت کے ساتھ ساتھ قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک کے وارث کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو حکومت پاکستان کی جانب سے دی جانے والی اہمیت کو بھی تسلیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک صدیوں پرانی تہذیبوں کے وارث ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سمندری شعبے سمیت دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں