خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، مسعود خان

واشنگٹن ڈی سی. امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کا دائرہ کار وسیع ہو رہا ہے۔ امریکہ میں موجود سرمایہ کار پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کریں اور پھیلتی ہوئی معیشت میں کاروباردوست پالیسیوں سے استفادہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کاروبارکے لئے ضروری منظوریوں کے عمل کو تیز کرنے، سرخ فیتے کا خاتمہ کرنے اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولت بہم پہنچانے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی ہے۔
آئی ٹی، زراعت، توانائی اورمعدنیات ہمارے ترجیحی شعبہ جات ہیں تاہم یہ ترجیحات معیشت کے دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کرنے اور آنے والے سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مراعات اور سہولت کاری کی راہ میں حائل نہیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ معیشت کے دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کو بھی وہی سہولیات اور مراعات میسر آئیں گی جو ترجیحاتی شعبہ جات میں دستیاب ہیں۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار پاکستان امریکن ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن، پاکستان امریکن ایسوسی ایشن آف ٹیکساس اور پاکستان امریکن کمیونٹی آف اٹلانٹا کی قیادت سے ورچوئل ملاقات کے دوران کیا۔
پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کی تقابلی برتری کے امر کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے چار امور کو واضح کیا جس کی بدولت امریکی سرمایہ کاروں کے لئے کاروباری فضا مزید موافق بن چکی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے امریکہ میں تقریباً 10 لاکھ سمندر پار پاکستانیوں کی موجودگی کی نشاندہی کی جو دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں علاوہ ازیں پاکستان میں پہلے سے موجود تقریباً 80 امریکی کمپنیوں کے منافع بخش کاروباری منصوبوں (ان کمپنیوں میں زیادہ تر فارچیون 500 کمپنیاں ہیں)؛ پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی پاکستان میں موجود سرمایہ کاری اور اسکے ساتھ ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے میسر اضافی وسائل کا خاص طور پر ذکر کیا۔
سفیر پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ان مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کر رہی ہے جن کا ماضی میں سرمایہ کاروں کو سامنا تھا۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ پاک امریکہ کاروباری برادری میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بارے میں آگاہی پیدا کریں تاکہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاک امریکی سرمایہ کاروں نے مہمان نوازی، صحت کی دیکھ بھال، تشخیص، اور فارماسیوٹیکل سمیت مختلف شعبوں میں کامیابی کی داستانیں رقم کی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ پاکسستان میں موجود سرمایہ کاری کو وسعت دیں۔

مسعود خان نے کہا کہ امریکہ میں پاکستا نی سفارت خانہ اور چاروں قونصل خانے پاک امریکی کاروباری برادری کے درمیان مضبوط روابط اور ہم آہنگی کے قیام کے لئے کوشاں ہیں تاکہ ان کی سرگرمیوں کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ میں موجود تمام چیمبرز آف کامرس کو جوڑنے کے حوالے سے کوشاں ہیں تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی امریکہ میں کام کرنے والے تمام پاکستانی چیمبرز آف کامرس اور کاروباری تنظیموں کی ایک ورچوئل سمٹ منعقد کی جائے گی جس کے بعد سرمایہ کاری سیمینار کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
سفیر پاکستان نے پاک-امریکہ کاروباری برادری کے تازہ ترین ڈیٹا بیس کی اہمیت پر زور دیا تاکہ سرمایہ کاری کونسل کی جانب سے ان تک بہتر رسائی اور انکی سہولت کاری کو یقینی بنایا جا سکے۔

مختلف امریکی ریاستوں اوربڑے شہروں کے ساتھ سسٹر سٹیٹ تعلقات کے قیام پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مسعود خان کہا کہ دونوں ملکوں کی یونیورسٹیوں کے مابین بہتر روابط مختلف شعبہ جات خصوصا زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔

شرکاء نے سفیر پاکستان کو اپنی تنظیموں کے بارے میں آگاہ کیا اور کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔
مسعود خان نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے شرکاء کے تعاون اور کاوشوں کو سراہا

اپنا تبصرہ لکھیں