سربراہ پاک فضائیہ سے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سےچین کے سفیر زیڈونگ کی ملاقات

اسلام آباد: عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے آج سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بین الاقوامی تزویراتی صورتحال اور علاقائی سلامتی سمیت مشترکہ اہمیت کے حامل امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معززین نے ملاقات کے دوران تمام تر شعبہ جات میں آپریشنل تربیت کے لیے موجودہ فریم ورک کی تشکیلِ نو اور جدید سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں عسکری تیاریوں اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ، ایئر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو ‘نیکسٹ جنریشن ایئر فورس’ بنانے کے اپنے وژن سے آگاہ کیا جس میں پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیئے خاص طور پر خود انحصاری کے فروغ، نیش ٹیکنالوجیز کے حصول اور تربیتی شعبے کی اصلاح کے منصوبے شامل ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تزویراتی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی جانب سے چین کے ساتھ انسانی وسائل اور تکنیکی شعبے سمیت ہوا بازی کی صنعت میں موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے مل کر نمٹا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا، “پاکستان، چین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی و دفاعی تعلقات اور آزمائش کی ہر گھڑی میں پاک-چین بے مثال دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں”۔

معزز مہمان نے علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور خطے میں طاقت کے توازن کو یقینی بنانے کے پاک فضائیہ کی قیادت کے عزم اور اس مقصد کے لیئے اسکی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ معززین نے سائبر، اسپیس اور الیکٹرانک وارفیئر جیسے شعبوں میں جدید ترین نیش ٹیکنالوجیز کی شمولیت پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے پاکستان اور چین کی فضائی افواج کے مابین تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مشترکہ اور کثیر الملکی آپریشنل فضائی مشقوں کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا جن کے انعقاد سے خطے میں نئے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط جوابی کارروائیوں کو تقویت دی جا سکے گی۔

چینی سفیر اور سربراہ پاک فضائیہ کے درمیان یہ ملاقات دونوں ممالک کی جانب سے باہمی اتفاق رائے اور فوجی تعاون کے ذریعے اپنی تزویراتی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں