پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سےپارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں فریقین کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) اور گوادر پورٹ سمیت اہم منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات مضبوط، تاریخی اور کثیر جہتی نوعیت کے ہیں۔ تائیوان پر پاکستان کے واضح اور اصولی موقف کا اظہار کیا۔ انہوں نے “ون چائنہ اصول” کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا. کسی بھی شکل میں تائیوان کی آزادی اور چین کے اندرونی معاملات میں دوسرے ممالک کی مداخلت قابل قبول نہیں ہے۔ پاکستان چین کی علاقائی سالمیت بالخصوص تائیوان کو چین کا ناقابل تنسیخ اور اٹوٹ انگ سمجھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اتحاد کے لیے چین کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔پاکستان تائیوان میں مضحکہ خیز انتخابات کو مسترد کرتا ہے۔ تائیوان میں بوگس انتخابی عمل میں وسیع پیمانے پر عوام کی عدم شرکت سے اکثریت کی رائے نہیں سنائی دی۔

ملاقات میں چین اور پاکستان کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری پر زور دیا گیا۔ چین کی جانب سے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا ہمیں ادراک ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے ترقیاتی مقاصد کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

چینی سفیر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حوالے سے حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں