مشق سی گارڈ 24 کے سمندری مرحلے کا شمالی بحیرہ عرب میں انعقاد

اسلام آباد: مشق سی گارڈ 24 کے سمندری مرحلے کا شمالی بحیرہ عرب میں انعقاد کیا گیا،اس موقع پر کھلے سمندر میں پاک بحریہ کے بحری جہاز، ہیلی کاپٹرز اور اسپیڈ بوٹس نے حصہ لیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ،مشق میں انسداد بحری قزاقی و منشیات، سرچ اینڈ ریسکیو اور جہاز پر بورڈنگ آپریشنز کا عملی مظاہرہ ہوا۔ مشق کے دوران سمندر میں موجود منشیات و ممنوعہ اشیاء سے لدی مشتبہ بوٹ، ہائی جیک کیا ہوا بحری جہاز اور سمندر میں گرے ماہی گیر کو بچانے کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مشق کا بنیادی مقصد جے ایم آئی سی سی (JMICC)کے پلیٹ فارم سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے کو فعال اور کوآرڈینیشن کو بہتر بناناہے۔

پی این ایس بلوچستان پر موجود میڈیا کی بڑی تعداد نے سی فیز کی مختلف مشقوں کامشاہدہ کیا۔ یہ مشق سی گارڈ کا سی فیز 10 سے 13 جنوری تک جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں