صدر آزاد جموں وکشمیر اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ملاقات

اسلام آباد : برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی برطانوی ہائی کمیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ صدرآزادجموں وکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کی آبائی رہائش گاہ چیچیاں میرپور آمد اور تفصیلی ملاقات ہوئی ، جس میں دونوں فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفد میں برطانوی وزارت خارجہ میں پاکستان اور افغانستان سکیورٹی آپریشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ رچرڈ لنڈسے،برطانوی ہائی کمیشن کے ہیڈ آف ریجنل سکیورٹی ٹیم سام شیرمین ،برطانوی ہائی کمیشن کے ہیڈ آف کونسل البرٹ ڈیوڈ،برطانوی ہائی کمیشن کے سکینڈ سیکرٹری رس میک پارٹلینڈ ،برطانوی ہائی کمیشن کی ہیڈ آف کمیونیکیشن مس سنیہالالہ، برطانوی ہائی کمیشن کے ڈیزائن اینڈ ڈیجیٹل آفیسر آکاش اشرف اور برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل ایڈوائزر مس عدیلہ خان شامل تھے۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان ون آن ون ملاقات میں آزادکشمیر میں برطانوی حکومت کی طرف سے جاری منصوبہ جات برطانیہ میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کو درپیش مسائل اور آزاد کشمیر میں برطانوی حکومت کی طرف سے سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آزادکشمیر میں ہونے والے اثرات اور ان سے نبردآزماہونے کے لئے لائحہ عمل طے کرنے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اسی طرح صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کے مختلف وفود سے ملاقاتیں کر کے تارکین وطن کو درپیش مسائل سنے۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان میں تعینات کسی بھی برطانوی ہائی کمشنر نے پہلی دفعہ آزادکشمیر کے صدرکے آبائی گھرچیچیاں میرپور آزادکشمیر آکر اُن سے ملاقات کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں