پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایمریٹس ائیرلائن کے کامیاب آپریشنز کے 25 سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد

اسلام آباد: ایمریٹس ائیرلائن اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) نے ملک کے دارالحکومت اسلام آباد سے ایئر لائن کے کامیاب آپریشنز کے 25 سال مکمل ہونے پر ہوائی اڈے پر ایک یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں خطے میں ایئر لائن کے سفر اور اس میں ہوائی اڈے کے کردار کا اعتراف کیا گیا۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اس موقع پر ایمریٹس کی اعلیٰ انتظامیہ نے شاندار خدمات پر پاکستان سول ایویشن اتھارٹی اور ایئرپورٹ حکام کا شکریہ ادا کیا۔ ہوائی اڈے کے حکام کو پیشہ ورانہ مہارت کے اعتراف اور کامیاب ایئر لائن آپریشنز کو یقینی بنانے کے اعتراف میں شیخ احمد بن سعید المخدوم، چیئرمین ایمریٹس ایئرلائنز اور گروپ کے سی ای او کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ دئے گئے۔

اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی ہوئی جس میں پی سی اے اے اور ایمریٹس کے کامیاب مشترکہ سفر کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا اعادہ کیا گیا۔ 1999 کے بعد سے، ایمریٹس نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتہ میں چار پروازوں سے بڑھ کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فی ہفتہ دس پروازیں کر دی ہیں، جو علاقائی رابط کو مزید بہتر بنانے کے لئے ائرلائین کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

اسلام آباد ہوائی اڈے اور ایئر لائن نے پاکستان کے دارالحکومت کو دنیا سے جوڑنے، بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے اور علاقائی اقتصادی اور ثقافتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ایمریٹس کے عالمی معیار کے بہترین ہوائی سفر کی فراہمی کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے اور یہ سالگرہ اس مشترکہ عزم کی پائیدار کامیابی کا ثبوت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں