چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی نےپارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دونوں فریقین کے مابین باہمی دلچسپی کے امور تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس کے علاؤہ ملاقات میں فلسطین اور غزہ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ نہتے فلسطینیوں پر قابض اسرائیلی فورسز کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کی بربریت انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی بدترین مثال ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی علم بردار تنظیمیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فلسطین کے مسئلے کو سنجیدہ لیتے ہوئے جلد سے جلد بہتری کے لئے اقدامات اٹھائیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری مسئلہ فلسطین کے جامع اور منصفانہ حل کیلئے کردار ادا کرے۔تمام مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ ایوان بالا کی جانب سے دنیا بھر کے پارلیمنٹ کے سپیکرز کو فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی جارحیت اور بربریت کے بارے آگاہ کیا گیاہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان عما ن کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات وقت گزرانے کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ پاکستان اور عمان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی مماثلتوں میں جڑے ہیں۔

دونوں ممالک کے مابین تجارتی و اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر پاکستان اورعمان میں مثالی تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ عوامی سطح پر روابط، پارلیمانی شعبوں میں مراسم کو مزید فروغ دینا ہوگا۔

پارلیمانی اور تجارتی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کی معیشت کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔خطے میں امن سے ہی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا اورامن کا فروغ خطے میں اقتصادی تعاون کے لئے نئی راہیں ہموار کرے گا۔

سلطان قابوس نے ہمیشہ بلوچوں کا خیال رکھا اور بلوچستان کے لوگوں سے کو اُن سے دلی محبت تھی۔خطے میں امن و استحکام قائم کرنے کیلئے مسلم ممالک کو بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔

عمانی سفیر کا چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے خیالات سے اتفاق کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں