چین سے آئے وفد کی نگران وفاقی وزیر ثقافت جمال شاہ سے ملاقات،میڈیا اور فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار

اسلام آباد :چین سے آئے فلم، ٹی وی اور بزنس سے وابستہ 8 رکنی وفد کی نگران وفاقی وزیر ثقافت جمال شاہ سے ملاقات ہوئی ۔چیںی وفد کی قیادت سی ایف آئی سی اور چانگ جیانگ کے ڈائریکٹر اور چیئرمین ژانگ یانگ نے کی،جبکہ ان کے ہمراہ فلم پروڈیوسر یی ہائی کلچر کمیونیکیشن کے چیئرمین ہوکیانگ اورلی ٹنگ انٹرنیشنل کے چیئرمین لیانگ ٹنگ، سپروائزر یوآن لی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر تانگ چاو سونگ، ڈپٹی جنرل منیجر لیو لی چیانگ اور گروپ کوآرڈینیٹر ژانگ لنہوئی شامل تھے۔

چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر ثقافت و قومی ورثہ جمال شاہ نے سی پیک کے تحت اقتصادی کوششوں کے ساتھ ثقافتی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئےچینی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ دونوں ممالک کی فلمی صنعتوں کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔

چینی وفد کی ملاقات کا مقصد پاکستان میں ثقافتی تبادلے کے مواقع تلاش کرنا تھا،جس میں پین کلچرل ایکسپورٹ، وزٹ پرفارمنس، ثقافتی مصنوعات،نئے فن پاروں کی گردش،آرٹ کی نمائشیں،ثقافتی نمائشیں، گیلریاں، موسیقی، تہوار وغیرہ شامل تھے۔

وفاقی وزیر جمال شاہ نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا اور دوسرے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ثقافتی کارواں کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔اس اقدام کا مقصد نہ صرف پاکستان اور چین کے درمیان بلکہ وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ بھی اقتصادی تعلقات اور ثقافتی رشتوں کو مضبوط کرنا ہے۔نگران وزیر جمال شاہ نے سی پیک کے تحت اقتصادی کوششوں کے ساتھ ثقافتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے خاص طور پر پاکستان اور چینی فلمسازوں کے درمیان اہم مشترکہ پروڈکشن فلم “پاتھیئے گرل” (دوست لڑکی) کا تذکرہ کیا،جو چین اور پاکستان کے عوام کے درمیان پائیدار دوستی کی علامت ہے۔انہوں نے رواں سال 2023 میں پاکستان میں ریلیز ہونے والی فلم “باٹائی گرل” کی تخلیق میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر مسرت کا اظہار کیا۔

نگران وفاقی وزیر جمال شاہ نے پاکستان کے بھرپور فنی ورثے پر روشنی ڈالتے ہوئے چینی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ دونوں ممالک کی فلمی صنعتوں کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔وزیر ثقافت نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ پاکستان میں کل 157 سینما گھر ہیں، جن کو سرمایہ کاری کے ذریعے بہتر بنا کر فلم انڈسٹری کو وسعت دی جا سکتی ہے۔

چانگ جیاناگ گروپ کے چیئرمین ژانگ یانگ نے تفریحی صنعت میں تعاون کے مواقع کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ چینی وفد پاکستان کو ایک خوبصورت ملک اور ایک پرکشش سیاحتی مقام کے طور پر پیش کرنے کے لیے مشترکہ پروڈکشن کے لیے پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔اس موقع پر نگران وفاقی وزیر جمال شاہ کی جانب سے چینی فلم/ٹی وی کے وفد کو باہمی تعاون، سینما میں تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے، پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی اور مشترکہ پروڈکشنز کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم کو بڑھانے کی دعوت دی گئی۔

مزید برآں ، دونوں اطراف نے پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی روابط کو بڑھانے کے لیے اہم کردار پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں