نیشنل ڈائیلاگ پلیٹ فارم مسائل کے حل کی جانب اہم قدم ہے، سردار شاہد احمد لغاری

اسلام آباد: موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث وطن ِ عزیز کو بے شمار چیلنجز درپیش ہیں، اِن مشکلات و مصائب سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انسانیت کی خدمت سے جڑے تمام ادارے مشترکہ کاوش کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار ملکی تاریخ کے پہلے نیشنل ڈائیلاگ پلیٹ فارم میں کیا گیا۔اِس پلیٹ فارم میں ہلالِ احمر پاکستان، جرمن ریڈکراس،انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، فوڈ اینڈ ایگریکلچر آ رگنائزیشن، ورلڈ فوڈ پروگرام، ڈبلیو ایچ ایچ، سی ڈبلیو ڈبلیواور اوشا یواین سمیت دیگر ادارے شریک تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہمیں جو خطرات درپیش ہیں اُن سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون کی سخت ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کمزور صلاحیتوں کی حامل آبادیوں کو زیادہ خطرات لاحق ہوتے ہیں، ہمیں ایسے اقدامات پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے جن کی بدولت خطرات میں کمی لائی جاسکے۔ انہوں نے حالیہ ”کوپ28“ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اِس کانفرنس میں بھی موسمیاتی تبدیلی اور اِس سے ملحقہ خطرات بارے بات چیت ہوئی ہے۔

نیشنل ڈائیلاگ پلیٹ فارم مشترکہ اقدامات کی جانب پہلا قدم ہے۔ہلالِ احمر پاکستان تمام تر پیشگی اقدامات کیلئے اپنے تعاون کا عزم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ساحلی علاقوں کیلئے ابتدائی ایکشن پروٹوکول تیار کیا جائے گا اور اِس ہدف کے حصول کیلئے این ڈی ایم اے اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی مدد حاصل کی جائے گی۔

موسمیاتی تبدیلی سے ہرذی روح کے علاوہ انفراسٹرکچر، اِملاک کو شدید خطرہ ہے۔اس موقع پر این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے نیشنل ڈائیلاگ پلیٹ فارم کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی مشکلات کے ازالہ کیلئے اجتماعی اور متوقع ردِ عمل کی ضرورت ہے۔فعال ڈیزاسٹرمینجمنٹ، معلومات سے آگاہی پر مبنی حکمت عملی تیار کرنا ہوگی۔ تمام سٹیک ہولڈرز کی اجتماعی مہارت کو بروئے کار لایا جائے گا اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اجتماعی مشترکہ اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں