اسلام آباد: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چالیسویں 40ویں ڈی جی سی اے اےای کچہری کا انعقاد کیا جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل سی اے اے خاقان مرتضیٰ نے کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی سی اے اے، ڈپٹی ڈی جی سی اے اے ریگولیٹری، ڈی ڈی جی سی اے اے ورکس اینڈ ڈیولپمنٹ، ڈپٹی ڈی جی سی اے اے ایئرپورٹ سروسز ، ڈائریکٹر سیکیورٹی، ڈائریکٹر ایچ آر، ڈائریکٹر ایس کیو ایم ایس، ڈائریکٹر آپریشنز ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ، ڈائریکٹر انجینئرنگ سروسز، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ بھی شریک ہوئے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ، آن لائن ای کچہری کے دوران اسلام آباد اور دیگر ہوائی اڈوں پر میٹرو کیب سروسز کے کرایوں کو ریگولیٹ کرنے، پشاور رن وے کی بندش اور دیکھ بھال کے حوالے سے سوال ہوئے۔
ڈی جی خان اور سیدو شریف ائرپورٹس کے لئے فلائیٹس، فلائی جناح اور ائرسیال کے یو اے ای آپریشنز کے بارے سوال ہوا۔
سول ایویشن میں بھرتیوں اور شارٹ لسٹنگ اور مختلف ملکی اور غیر ملکی ائرلائنز سے متعلق متفرق شکایات موصول ہوئیں۔ ان شکایات میں ائرلائین سٹاف کا نامناسب رویہ، سامان کی گمشدگی، ترسیل میں تاخیر اور توڑ پھوڑ شامل تھیں۔
ملتان ائرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکاروں سیکیورٹی / اسکریننگ ایریا میں مسافروں سے ناروا سلوک کی بھی شکایت موصول ہوئیں، جبکہ ان کی علاؤہ خلیجی ممالک میں ممنوعہ سمجھی جانے والی ادویات لے جانے کی پاداش میں گرفتار ایک مسافر کے نمائندے نے بھی ای کچہری میں دوبارہ شرکت کی۔
ڈی جی سی اے اے نے سی اے اے کی تفتیشی رپورٹ مسافر کے نمائندہ کو بھیجنے کی احکامات دئیے ۔رپورٹ کے مطابق سی اے اے ملازم نے جو کہ نوکری سے برخاست کیا جاچکا ہے مسافر کو جاتے ہوئے ادویات ساتھ لے جانے کے لئے دی تھیں۔
ڈی جی سی اے اے کا کہنا تھا کہ رپورٹ مذکورہ بیرون ملک گرفتار مسافر کی رہائی میں قانونی طور پر معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
اس کے علاؤہ ، ڈی جی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ رن وے کی تعمیر نو کے باعث پشاور ایئرپورٹ کی بندش میں چھ ماہ تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔دیگر سوالوں میں پشاور ایئرپورٹ پر پارکنگ اور ٹریفک کے مسائل، سی اے اے ملازمین کی پنشن کی منتقلی اور کم سے کم اجرت کے قانون کی عملداری بھی شامل تھے۔
ڈائریکٹر جنرل نے موقع پر ہی زیادہ تر سوالات کے جوابات دیئے اور متعلقہ افسران کو معاملات کو میرٹ پر جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔عوام نے اپنی شکایات کے حل کے لیے پی سی اے اے کے ای کچہری کے اقدام کو سراہا۔
ای کچہری کو PCAA کے آفیشل فیس بک پیج پر لائیو سٹریم کیا گیا۔