ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر کی وزیر خزانہ شمشاد اختر سے ملاقات

اسلام آباد : پاکستان میں موجود ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر کی منگل کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان کی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سے ملاقات ہوئی۔

اس ملاقات کے دوران دونوں فریقین کے مابین باہمی امور ، پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان پہلے سے موجود تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر ایتھوپین سفیر نے وزیر خزانہ کو ایتھوپیا کی وزیراعظم آبے احمد کی جانب سے لیے گئے پانچ سیکٹرز میں انقلابی اقدمات کے حوالے سے بتایا جس میں خصوصی طور پر زراعت، کان کنی، ایگرو پروسیسنگ، ٹیکنالوجی اور ٹورزم کے سیکٹر شامل ہیں۔

ایتھوپین سفیر نے پاکستان میں موجود سفارت خانے کے پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات مضبوط کرنے کے حوالے سےگزشتہ ایک سال کی کاوشوں کے حوالے سے بھی وزیر خزانہ کو بتایا۔
پاکستان میں ایمبیسی کھلنے سے پاکستان اور ایتھوپیا کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ اتھوپین سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ایتھوپین ایئر لائن کا کراچی میں کھلنا دونوں ملکوں کو قریب لانے میں قلیدی کردار ادا کرے گا۔

پاکستان میں سفارت خانہ کھولنے کے حوالے سے وزیر خزانہ شمشاد اختر نے ایتھوپین سفیر کو مبارکباد پیش کی اور کراچی میں ایئر لائن کھولنے کے حوالے سے پاکستان میں خوش آمدید کہا۔

مزید برآں ، دونوں حکام نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں