گوادر: وادر یونیورسٹی کے طلباء نے گوادر کے مقامی نادار خاندانوں کو صاف پینے کے پانی فراہم کرنے کے لئے پانی کے فلٹرز تقسیم کیے ہیں۔
گوادر میں صاف پینے کے پانی کے اہم مسئلے کا حل کرنے کے لئے، گوادر یونیورسٹی کے BS مینجمنٹ سائنسز اور کامرس ڈیپارٹمنٹ کے طلباء نے گوادر شہر اور اس کے ارد گرد علاقوں میں غریب ماہی گیر اور محنت کش طبقات کو 50 سے زائد پانی صاف کرنے کے فلٹرز تقسیم کئے ۔
اس مہم کا اہم مقصد لوگوں میں شعور پیدا کرنا اور پینے کے صاف پانی کی اہمیت کو عوام میں اجاگر کرنا ہے۔ فلٹرز کی تقسیم کا یہ عمل مقامی اہل ثروت لوگوں اور مقامی انتظامیہ کی مدد سے حاصل ہونے والی مالی معاونت کے ساتھ کی گئی ہے۔
گوادر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منظور احمد، ڈین ڈاکٹر جان محمد، رجسٹرار دولت خان اور مینجمنٹ سائنسز کے چیئرمین فدا حسین نے طلباء کی ان کاوشوں اور اس طرح کی سماجی سرگرمیوں میں فعال انداز سے حصہ لینے پر ان کی تعریف اور حوصلہ افزائی کی۔
دریں اثنا گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے بھی طلباء کو ان کی اس طرح کے سماجی سرگرمیوں پر تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات تعلیم کے علاوہ سماجی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور گوادر یونیورسٹی کے طلباء و طالبات اس ضمن میں اپنا اہم سماجی کردار بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔