نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے گوادر شپنگ کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد: نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے گوادر شپنگ کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ۔ جس میں گوادر شپنگ کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر عبد الرحیم ظفر، سیکٹری جنرل حمید بلوچ اور فیصل دشتی نے شرکت کی.

ملاقات میں وفد نے وزیرِ اعظم کو درخواست کی کہ گوادر بندرگاہ کو مکمل فعال بنانے کیلئے ابتدائی طور پر سرکاری کارگو کا کچھ حصہ گوادر بندرگاہ سے پاکستان در آمد کیا جائے. وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے ایک جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی.

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ گوادر بندرگاہ مستقبل قریب میں سمندری راستے سے تجارت کا مرکز ہوگا. اس ضمن میں حکومت گوادر بندرگاہ میں صنعتوں کے قیام اور صنعتی علاقوں سے مواصلاتی روابط کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے. گوادر کے مقامی لوگوں کو روزگار اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی سی پیک کی اس اہم بندرگاہ کی ترقی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں.

وفد نے وزیرِ اعظم کو شپنگ کلیئرنگ اینجٹس کے مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا. وزیرِ اعظم نے وفد کو انکے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کرائی. وفد نے وزیرِ اعظم کو گوادر میں ماہی گیروں کے مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا. جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ گوادر میں فشریز کی صنعت کو جدت دی جائے.

گوادر میں ماہی گیروں کو جدید مشینری، کشتیوں میں انجن و نیویگیشن آلات (Navigation) اور بین الاقوامی سطح پر رائج معیار کے مطابق مچھلی پکڑنے کے طریقہ کار کیلئے پیشہ ورانہ تربیت دی جا رہی ہے.گوادر سے فشریز کے شعبے میں برآمدات کی وسیع استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا.

وفد نے حکومت کے ماہی گیروں کو روزگار کی فراہمی، پیشہ ورانہ تربیت اور گوادر کے مجموعی طور پر مسائل کے حل کیلئے اقدامات کی تعریف کی.

اپنا تبصرہ لکھیں