اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ذیابیطس سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پچھلے کچھ برسوں میں اس مرض میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں شوگر کے مریضوں کی تعداد میں ہمارا نمبر تیسرا ہے جبکہ مڈل ایسٹ اور افریقہ کے 21ممالک کی فہرست میں ہمارا نمبر دوسرا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد 3کروڑ30لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جو ایک خطر ناک بات ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہیں نے ذیابیطس سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر کیا جو ہر سال 14 نومبر کو منایا جاتا ہے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد ذیابیطس کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔انہوں نے فریڈرک بینٹنگ کی جانب سے طب کی دنیا میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا کہ انسولین کی ایجاد ذیابیطس کے مریضوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ذیابیطس کا مرض اپنی پیچیدگی کے اعتبار سے دیگر امراض کے مقابلے میں زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے، پاکستان میں بھی ذیابیطس کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی روز مرہ معمولات زندگی میں مثبت تبدیلیاں لاکر اور خوراک میں احتیاط کر کے اس مرض سے بچا جا سکتا ہے۔