اسلام آباد : پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدم نے نگراں وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ سے ملاقات کی اور فن و ثقافت کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے دونوں برادر ممالک کے درمیان فن، ثقافت، فلم اور خطاطی کے شعبوں میں تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت نے سفیر کا خیرمقدم کیا اور فن، ثقافت، فلم اور ادب کے شعبے میں پاک ایران تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر نے ثقافت کے شعبے میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مغدام نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی۔
فریقین نے رواں ماہ کے دوران پاک ایران مشترکہ ثقافتی ہفتہ کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔
سفیر نے کہا کہ ہم دونوں برادر ممالک کے درمیان ثقافت اور بالخصوص مشترکہ فلم پروڈکشن کے شعبے میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔
اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ثقافتی قونصلر احسان خزاعی اور مشیر قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن محمد کاشف ارشاد بھی موجود تھے۔