جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فل اسکیل فائر ایمرجنسی ایکسرسائز کا انعقاد

اسلام آباد: جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے فل اسکیل فائر ایمرجنسی ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر فل سکیل ایمرجنسی ایکسرسائز میں فرضی ہوائی حادثہ سے لگی آگ پر قابو پانے کی مشق کی گئی۔

مشق انٹرنیشنل سول ایویشن آرگنائزیشن کے قوانین کی پیروی میں ہر دوسال میں ایک مرتبہ منعقد کی جاتی ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ، مشق کا مقصد ایمرجنسی رسپانس پلان کے تمام اندرونی اور بیرونی اسٹیک ہولڈرز کی افادیت کو جانچنا تھا۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی کریش فائر ٹینڈرز 02 منٹ کے اندر اندر فرضی جائے وقوعہ پہنچے۔

اس سارے عمل کے دوران آپریشنل، میڈیکل اور کمیونیکیشن رسپانس اور ہنگامی صورتحال میں باہمی تعاون کو پرکھا گیا۔کریش فائر ٹینڈرز نے ایک منٹ کے اندر اندر ایندھن سے لگائی گئی آگ پر قابو پایا۔

سی اے اے ریسکیو اینڈ فائر فائٹنگ کروو نے دوسری ایجنسی اہلکاروں کے ساتھ مل کر زخمیوں کو جہاز سے نکالا اور زخمیوں کو ایدھی، 115، چھیپا، ریسکیو 1122، ہلال احمر کی ایمبولینسز تک پہنچایا۔

اس ہنگامی صورتحال کی مشق میں ائیرلائنز، گراؤنڈ ہینڈلرز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں