ہلالِ احمر کے چیئرمین سردارشاہد احمد لغاری کی فلسطینی سفیر احمد جواد ربیعی سے ملاقات، امداد بھیجنے کا اعلان

اسلام آباد: ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردارشاہد احمد لغاری کی فلسطینی سفارتخانہ آمد، فلسطینی سفیر احمد جواد امین ربیعی سے ملاقات، غزہ کی صورتحال پر گفتگو، شہادتوں اور املاک کے نقصان پر اظہار ِ افسوس کیا گیا۔ ت

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہلالِ احمر کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے فلسطینی سفیر احمد جواد امین ربیعی سے ملاقات میں حالیہ کشیدگی سے پیدا ہونے والی مشکلات سے متعلق بات چیت کی۔

اس موقع پر فلسطینی سفیر احمد جواد امین ربیعی کا کہنا تھا کہ غزہ اِس وقت شدید انسانی بحران کاشکار ہے، پینے کے پانی، خوراک اور طبّی امداد کی سخت ضرورت ہے۔

سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان غزہ کی صورتحال سے مکمل آگاہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے توسط سے 4500 فرسٹ ایڈ کٹس، 3500 ہائیجین اور 3500 ڈگنیٹی کٹس بھجوائے گا۔اِس موقع پر ہلالِ احمر پاکستان نے غزہ کیلئے جلد ہی ادویات کی کھیپ بھی این ڈی ایم اے کے ذریعے بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔

سردار شاہداحمد لغاری نے کہا کہ اس ضمن میں اگر مخیر حضرات ہلال احمر پاکستان کو نقد امداد دینے کے خواہاں ہیں تو عسکری بنک جی ایٹ مرکز اکاونٹ نمبر 01771650501737 یا فلسطینی سفارتخانہ کے بنک الفلاح، اکاونٹ نمبر 0494-1003784913 میں براہ راست عطیات بھیج سکتے ہیں۔ادویات عطیہ کرنے کی صورت میں ہلال احمر کے شعبہ ہیلتھ کے نمائندہ ڈاکٹر حاشر پرویز فون نمبر0333-5132452 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ہلالِ احمر پاکستان فلسطینی عوام کیلئے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کی جانب سے امدادی اپیل میں ایک لاکھ امریکی ڈالر امداد بھی دے گا۔

فلسطینی سفیر احمد جواد امین ربیعی نے ہلالِ احمرپاکستان کی قومی و عالمی سطح پر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے غزہ کیلئے امدادی پیکیج کا بھی شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں ہلالِ احمر پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبیداللہ خان بھی موجود تھے۔ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے سفارتخانہ میں رکھی تاثراتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں