انڈونیشیا کے 78 ویں یوم آزادی اور آرمی ڈے پر اسلام آباد میں پروقار تقریب کا انعقاد

اسلام آباد : انڈونیشیا کے 78 ویں یوم آزادی اور آرمی ڈے پر سفارتخانہ کی جانب سے اسلام آباد میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جس میں مختلف ممالک کے سفراء کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ وائس ایڈمرل عبدالصمد نے بطورِ اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی ۔ تقریب سے قبل دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں۔

اس موقع پر انڈونیشیا کے سفیر آدم اے توگیو نے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی دوستی‘ تعلقات‘ تجارت اور باہمی معاہدات پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انڈونیشیا کا قومی مسلح افواج کا دن ایک مزید ترقی پسند اور خوشحال انڈونیشیا کے لیے اس مستحکم جدوجہد کا ایک لازمی حصہ ہے جس کے نعرے ’تین خدمات، ایک عزم‘ کے ساتھ ہیں، جو تین فوجی خدمات کے درمیان باہمی تعاون کے مضبوط جذبے کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

انہوں نے انڈونیشیا کی ترقی کے دوران جنوبی ایشیا میں ایک اہم دوست کے طور پر پاکستان کی حمایت اور تعاون کو دل کی گہرائیوں سے سراہا اور آنے والے وقتوں میں دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے مضبوط اسٹریٹجک روابط کی توقع کی.

مہمان خصوصی نے اپنے مختصر خطاب میں انڈونیشیاکو 78 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد دی اور تقریب کے انعقاد کو دونوں ممالک کی بے مثال دوستی کا مظہر قرار دیا۔مہمان خصوصی ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے اپنے کلمات میں دوطرفہ تعلقات کی بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور دلچسپی کے متعدد شعبوں میں مزید توسیع اور تنوع کی تجویز دی۔ اس موقع پر آسیان ممالک کے سفراء‘ اور دیگر ہائی کمشنرز کے ہمراہ کیک بھی کاٹا گیا۔

اس تقریب میں انڈونیشیا سفارتخانہ کی جانب سے شاندار ثقافتی رقص کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جسے حاضرین نے خوب پسندکیا۔ تقریب کا اختتام پر لطف اعشائیے سے ہوا۔

اپنا تبصرہ لکھیں