وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد سے فرانس کے سفیر نیکولاس گیلے کی ملاقات

اسلام آباد: پاکستان میں فرانس کے سفیر ہز ایکسی لینسی نیکولس گیلے نے آج وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پائیدار دوطرفہ تعلقات پرخصوصی گفتگو کی گئی جس کا مقصد تعلیم، زراعت اور وسیع تر اقتصادی تعاون سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھانا ہے۔

فرانس کے سفیر نے پاکستان کی نجکاری کی حکمت عملی بارے گہری دلچسپی کا اظہار کیاجبکہ وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے سفیر کونجکاری پلان کا جامع جائزہ پیش کیا۔ فرانسیسی سفیر نے بدلے میں، فرانسیسی مشاورتی خدمات، ممکنہ فرموں اور کارپوریشنوں کے بارے میں قیمتی تجاویزبھی پیش کیں جو ممکنہ طور پر ان اقدامات میں مدد گار ثابت ہوسکتی ہیں۔

اس ملاقات میں دوران گفتگو وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (DISCOs) کی نجکاری کی حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے ڈسکوز کی نجکاری کے لیے ایک مرحلہ وار طریقہ کار کی تفصیل پیش کی جس کا ڈھانچہ رعایتی ماڈل پر مبنی ہے۔ افتتاحی مرحلے میں مینجمنٹ کنٹرول کی منتقلی، حصص کی خریداری کے ساتھ یا اس کے بغیر عمل میں لائی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں مقررہ بینچ مارکس حاصل ہونے کے بعد اضافی حصص کی عوامی پیشکش شامل ہوگی۔

سفیر گیلی نے مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری میں شامل ہونے کیلئے فرانس کی جانب سے خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان علاقوں پر بھی روشنی ڈالی جہاں فرانسیسی کاروباری اداروں نے پہلے ہی خاص طور پر آٹوموٹیو اور ریٹیل کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور فرانس کی اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو تیز کرنے اور اقتصادی اور ثقافتی تبادلے کے لیے غیر متزلزل لگن کا اظہار ہوا۔

اپنا تبصرہ لکھیں