جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 29 ویں چیف جسٹس آف پاکستان بن چکے ہیں.ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا.چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریب حلف برداری میں وفاقی وزرا، سپریم کورٹ کے ججز سمیت اعلیٰ حکام تقریب میں شریک ہوئے۔
نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 26 اکتوبر1969ء کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے، وہ تحریک پاکستان کے صف اول کے رہنما قاضی محمد عیسٰی کے بیٹے اور پاکستان بننے سے پہلے قلات کے وزیراعظم قاضی جلال الدین کے پوتے ہیں.
سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں جب بلوچستان ہائیکورٹ کے تمام پی سی او جج فارغ ہوئے تو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ براہ راست 5 اگست 2009ء کو بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہوئے، انہوں نے 5 ستمبر 2014ء کو سپریم کورٹ میں بطور جج عہدے کا حلف اٹھایا۔
واضح رہے فائز عیسی سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لینےوالے صدر پاکستان عارف علوی نے ان کے خلاف سپریم کورٹ میں ریفرنس فائل کیا تھا۔جس میں فائز عیسی کے سپریم کورٹ کے جج کے عہدے کو چیلنج کیا گیا تھا۔