صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور بیگم ثمینہ علوی سے اسپیشل اولمپکس پاکستان کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (سی این این اردو): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور بیگم ثمینہ علوی سے اسپیشل اولمپکس پاکستان کے وفد کی ملاقات ہوئی ۔

اس موقع پر صدر مملکت اور خاتون اول نے خصوصی صلاحیتوں کے حامل ایتھلیٹس کو برلن میں اسپیشل اولمپکس میں حصہ لینے پر مبارکباد دی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں نے اسپیشل گیمز میں 80 سے زائد تمغے جیت کر سرفخر سے بلند کیا، خصوصی بچوں کو تعلیم اور ہنر فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ خصوصی بچے معاشرے کے اہم رکن ہیں، ضروری ہنر اور خصوصی تعلیم دی جائے۔ خصوصی بچوں کو دیگر بچوں کے ساتھ اسکولوں میں تعلیم دینے کیلئے کام کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ جامع تعلیم سے معاشرے میں خصوصی افراد کی ضرورتوں بارے آگاہی بڑھے گی۔ بچوں کو خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے حقوق بارے تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے خصوصی افراد مدد حاصل کرسکتے ہیں۔خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی کھیل کے میدان کی طرح زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی جذبے اور لگن کے ساتھ کام کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں