پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ نے او لیول امتحان کے 34 مضامین میں اے اسٹار گریڈ حاصل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا

اسلام آباد (سی این این اردو): پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ نے او لیول امتحان میں عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ 16 سالہ ماہ نور چیمہ نے او لیول کے امتحان میں 34 مضامین میں اے اسٹار گریڈ حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ذہین طالبہ نے او لیول امتحان میں 10 مضامین کا امتحان اسکول سے اور 24 مضامین کا امتحان بطور پرائیوٹ امیدوار دیا جب کہ ذہانت کے لیول کا پتا چلانے کے لیے کیے جانے والے ’مینسا آئی کیو ٹیسٹ‘ میں ماہ نور کا اسکور 161 رہا، یوں وہ ذہانت کے لحاظ سے دنیا کے سرفہرست ایک فیصد افراد میں شامل ہوگئیں۔

بتایا جاتا ہے کہ ماہ نور کا آئی کیو لیول البرٹ آئن اسٹائن سے بھی زیادہ ہے، ویسے تو آئن اسٹائن کبھی مینسا ٹیسٹ کا حصہ نہیں بنے تاہم یہ مانا جاتا ہے کہ ان کا اسکور 160 ہوگا جب کہ مینسا آئی کیو ٹیسٹ میں ماہ نور کا اسکور 161 رہا۔

اپنی اس شاندار کامیابی پر ماہ نور چیمہ کہتی ہیں کہ مجھے ہمیشہ سے یہ بات پتا تھی کہ اپنے خوابوں کو زندگی میں مقرر کیے گئے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرنا لازمی ہے، اسی پر عمل کرتے ہوئے میں نے اپنی زندگی میں ٹارگٹ سیٹ کیے اور ان کے لیے کام کیا اور میں نے چیلنجز سے کبھی ہار نہیں مانی۔

بتایا گیا ہے کہ ماہ نور نے آکسفرڈ یونیورسٹی کے کلینکل آپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ ( یو سی اے ٹی ) میں 3290 اسکور حاصل کرکے 99 پرسنٹیج حاصل کی، کی دلچسپی میڈیکل کے شعبے میں ہے اور وہ انسانیت کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ماہ نور کے والدین عثما ن چیمہ اور طیبہ چیمہ کا تعلق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ہے اور وہ 2006ء میں برطانیہ منتقل ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں