پاکستان مانومنٹ پہلی مرتبہ روسی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا

روس کے قومی پرچم ڈے اور پاکستان اور روس کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاکستان مانومنٹ روسی پرچم کے رنگوں میں نہا گیا۔

اسلام آباد : روسی فیڈریشن کے یوم قومی پرچم اور پاکستان و روس سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر پاکستان مانومنٹ پر ایک رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں روسی سفیر دانیلہ گنیچ اور روسی سفارتخانہ کے حکام اور عوام نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان مانومنٹ اسلام آباد کو روسی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے روشنیوں سے نہلا دیا گیا جب کہ روسی سفیر دانیلہ گینچ نے پاکستانی بچوں اور عوام کے ساتھ روسی پرچم لہرایا۔ عوام کی بڑی تعداد تقریب سے محظوظ ہوئی۔

اس موقع پر روسی سفیر دانیلہ گینچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمت ہیں کہ ہمیں پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے آج ایک تاریخی موقع ہے کہ اسلام آباد میں روسی پرچم آویزاں کیا گیا ہم نے بھی 14 اگست پر پہلی مرتبہ پاکستانی پرچم ماسکو کی ارباط عمارات پر آویزاں کیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں