امریکہ میں سفیر مسعود خان کا نیو جرسی میں یوم پاکستان پریڈ سے خطاب

امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان نے نیو جرسی میں سالانہ “یوم پاکستان پریڈ” کے موقع پر پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کردار اپنے پیشہ ورانہ کیریئر اور کاروبار سے بڑھ کر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی پاکستان اور امریکہ کو قریب لانے کے ضمن میں اتپریرک (عمل انگیز) ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفارت کاری کے حوالے سے ایک بڑی خدمت ہے جو ہماری کمیونٹی سر انجام دے رہی ہے۔

سفیر پاکستان نے کمیونٹی ممبران سے کہا کہ وہ پاکستان پر یقین رکھیں۔ پاکستان بہت سے چیلنجز سے کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔ آنے والے سالوں اور دہائیوں میں یہ ملک مزید پروان چڑھے گا اور آپ اسے بین الاقوامی برادری کی سب سے کامیاب قوموں میں سے ایک کے طور پر دیکھیں گے۔

مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کرتے رہیں۔
نیو جرسی میں منعقدہ پاکستان ڈے پریڈ ایک سالانہ تقریب ہے جس کا انعقاد 2015سے ہو رہا ہے ۔ ہزاروں شرکاء ہر سال اس تقریب میں شرکت کرتے ہیں۔ اس تقریب کا مقصد اتحاد، تنوع اور کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دیتے ہوئے پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے اجاگر کرنا ہے ۔ سالانہ پریڈ میں رنگا رنگ فلوٹس، موسیقی، رقص، ثقافتی نمائشیں اور پاکستانی فنون اور کھانوں کی نمائش ہوتی ہے۔

کمیونٹی کے مابین اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ تفرقہ آپ کو کمزور کر ے گا۔ اگر آپ اتحاد کا مظاہرہ کریں گے تو آپ یہاں امریکہ میں مزید مضبوط ہوں گے اور پاکستان میں بھی آپ کا کردار بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ سیاست کریں۔ اپنی پسند کے ایجنڈے کی پیروی کریں لیکن ساتھ ہی یہ بھی یاد رکھیں کہ ریاست کو ہمیشہ ترجیح حاصل رہی ہے اور قوم کے مفادات سیاسی وابستگیوں پر فوقیت رکھتے ہیں۔ لہذا میری آپ سے اپیل ہے کہ ہر حال میں اتحاد کا مظاہرہ کریں۔

سفیر پاکستان نے اس موقع پر پاکستان میں گرجا گھروں پر حملوں کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے اس گھناؤنے فعل کی مذمت کی ہے اور متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے خلاف سازش تھی۔ یہ پاکستان کے معاشرے اور قوم کے خلاف ایک سازش تھی اور ہم اسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کریں گے۔ سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ جرائم کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
مسعود خان نے پریڈ کے بانی مرحوم ابرار (سیم) خان کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم سیم خان امریکہ میں اتحاد، تنوع اور ملک کے ورثے کو فروغ دینے کے لیے کھڑے تھے۔ ان کی روح زندہ ہے۔ اس نے اپنی زندگی کے دوران لوگوں کو متاثر کیا۔ اور وہ آنے والی نسلوں کو متاثر کرتے رہیں گے ۔ مسعود خان نے نیو جرسی ریاستی اسمبلی کے لیے منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی امریکن خاتون ہونے پر اسمبلی ویمن محترمہ شمع حیدر کی کامیابیوں کا اعتراف اور تعریف کی۔

اس موقع پر منتخب نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور مرحوم سیم خان کو خراج عقیدت پیش کیا اور نیو جرسی میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔ ان میں اسمبلی کے سپیکر کریگ کوفلن، کانگریس مین پالون، چیئرمین کینون میک کیب، رکن اسمبلی شمع حیدر، ممبر اسمبلی رابرٹ کارابینچک، میئر ووڈ برج جان میک کارمیک اور میئر ایسٹ برنسوک بریڈ کوہن شامل تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں