اسلام آباد(سی این این اردو):سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل اور رہائی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے کے مطابق، رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کی گئی آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ کے مطابق توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف اپیل 22 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری درخواستوں پر سماعت کریں گے۔
اس کے علاوہ پولیس کی ناقص تفتیش اور بغیر تیاری عدالت پیش ہونے کا کیس 24 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ عدالت نے ایس پی اور ایس ڈی پی او انڈسٹریل ایریا کو شوکاز نوٹس جاری کر رکھا ہے۔ عدالتی حکم پر ایس پی انڈسٹریل ایریا نے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروادیا تھا جب کہ ایس ڈی پی او انڈسٹریل ایریا نے تاحال جمع نہیں کروایا ۔
علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کرکے رہائی کی درخواست بھی 22 اگست ہی کوسماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔