Sikh devotees at Gurdwara Panja Sahib during Vaisakhi celebrations, engaged in prayers and langar service.

وساکھی میلہ: پاکستان میں سکھ یاتریوں کی آمد، گوردوارہ پنجہ صاحب اور دربار صاحب میں روحانی تقاریب کا آغاز

حسن ابدال / کرتارپور — متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیرِ اہتمام گوردوارہ پنجہ صاحب (حسن ابدال) اور گوردوارہ دربار صاحب (کرتارپور) میں وساکھی میلے کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتری شریک ہیں۔

یاتریوں نے اپنی مذہبی رسومات کے تحت ارداس اور خصوصی دعاؤں میں شرکت کی، جبکہ روایت کے مطابق لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا۔ خواتین یاتریوں نے لنگر کی تیاری اور تقسیم میں بھرپور حصہ لیا، اور دیگر رضاکارانہ خدمات جیسے برتن دھونا اور صفائی ستھرائی میں بھی معاونت کی۔

ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق، بھارت سے آئے شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے رہنما رویندر سنگھ سرنا نے کہا کہ “پاکستان میں اپنے مقدس مقامات کے درشن کرنے پر ہم انتہائی مسرور ہیں۔ یہاں ہمیں رہائش، طبی سہولیات، اور سفری انتظامات بہترین انداز میں فراہم کیے گئے ہیں، جس پر ہم حکومت پاکستان اور بورڈ انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔”

اسی طرح دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے رہنما سردار دلجیت سنگھ سرنا نے کہا کہ “رواں برس یاتریوں کی تعداد دگنی ہے، اس کے باوجود پاکستانی انتظامیہ نے مہمان نوازی میں کوئی کمی نہ آنے دی اور ہر مقام پر بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔”

یاتریوں نے حسن ابدال میں واقع بابا ولی گندھاری کے مزار پر بھی حاضری دی۔ گوردوارہ پنجہ صاحب کو رنگ برنگی روشنیوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے۔

ترجمان غلام محی الدین کے مطابق، بھارت سے آنے والے 5890 سکھ یاتریوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سیکورٹی آفیسر عاصم چوہدری کی زیر نگرانی دونوں گروپس گوردوارہ پنجہ صاحب اور دربار صاحب سے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب روانہ ہوں گے۔

تمام داخلی و خارجی راستوں پر جدید سیکنرز نصب کیے گئے ہیں جبکہ واپڈا کی جانب سے گوردواروں میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں