چیئرمین سینیٹ پاکستان، یوسف رضا گیلانی نے جمہوریہ کوریا کی نیشنل اسمبلی میں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC 2025) سے خطاب کرتے ہوئے “سیئول مشترکہ اعلامیہ برائے امن و خوشحالی” کا باضابطہ اعلان اور دستخط کیے۔
یہ اعلامیہ دنیا بھر کے 45 ممالک کے پارلیمانی رہنماؤں اور بانی ارکان نے بھی دستخط کیا، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سینئر مشیر محترمہ پاؤلا وائٹ-کین کی شمولیت نے اس اعلامیے کی عالمی اور دو طرفہ حمایت کو مزید تقویت دی۔
چیئرمین گیلانی نے اس بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی امن، کثیر الجہتی تعاون، اور پائیدار و جامع ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عالمی مسائل جیسے ایٹمی پھیلاؤ، غربت، ماحولیاتی تبدیلی، اور علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مشترکہ پارلیمانی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
سیئول اعلامیہ میں درج ذیل نکات پر عالمی اتفاق رائے سامنے آیا:
پارلیمانی اداروں اور رہنماؤں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا
دنیا بھر میں امن کی کوششوں کو بڑھانا
عالمی نظم و نسق اور انسانی حقوق کا احترام
مشترکہ خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے اقدامات
ماحولیاتی تبدیلی، صحت عامہ کے بحرانوں، اور ڈیجیٹل تقسیم جیسے مسائل کا حل
جزیرہ نما کوریا میں قیامِ امن کی حمایت
اپنے خطاب میں چیئرمین سینیٹ نے کہا:
“امن صرف جنگ نہ ہونے کا نام نہیں، بلکہ ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جہاں تمام انسان باہم اتفاق، فلاح اور ترقی کے ساتھ رہ سکیں۔ باہمی ہم آہنگی، عالمی یکجہتی، اور پارلیمانی تعاون سے ہم ایک زیادہ منصفانہ اور خوشحال دنیا کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔”
کانفرنس کے اختتام پر تمام شریک ممالک نے اعلامیے کے اصولوں پر عمل درآمد اور بین الپارلیمانی مکالمے کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ عالمی سطح پر ایک مضبوط، پرامن اور باہمی تعاون پر مبنی مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔