اسلام آباد – سینٹورس مال میں تین روزہ “میڈ ان ازبکستان” فوڈ ایکسپو کا شاندار آغاز ہو گیا، جہاں ازبکستان کی معیاری خوراکی مصنوعات پاکستانی صارفین کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔ اس نمائش کا اہتمام ازبکستان کے سفارتخانے نے سینٹورس مال کے تعاون سے کیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینا اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
اس ایکسپو میںازبکستان کی 50 سے زائد معروف کمپنیاں شریک ہیں، جو مختلف اقسام کی اعلیٰ معیار کی خوراکی اشیاء پیش کر رہی ہیں۔ تقریب کا افتتاح ازبکستان کے سفیر علیشر تُختایف نے کیا، جس میں ملائیشیا، ترکمانستان، کرغزستان، پرتگال، سری لنکا، تاجکستان، قازقستان اور آذربائیجان سمیت کئی ممالک کے معززین بھی شریک تھے۔
سینٹورس گروپ کے سی ای او سردار یاسر الیاس خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی میں ایسی نمائشوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ازبک سفیر علیشر تُختایف نے سینٹورس مال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی شراکت داریوں سے نہ صرف کاروباری مواقع بڑھیں گے بلکہ سرمایہ کاری کے نئے دروازے بھی کھلیں گے، جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
یہ نمائش 14 سے 17 مارچ تک جاری رہے گی، جہاں ازبکستان کے تازہ اور خشک میوہ جات، سبزیاں، پراسیس شدہ خوراک اور دیگر معیاری مصنوعات پیش کی جائیں گی۔ پاکستانی سپر مارکیٹ چینز اور دیگر درآمد کنندگان کی جانب سے طویل المدتی تجارتی معاہدوں کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔
ازبکستان کے سفارتخانے نے پاکستانی تاجروں کو اس نمائش میں شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات مزید مستحکم کیے جا سکیں۔