لاہور- شری کٹاس راج میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے پاکستان آئے بھارتی ہندو یاتری لاہور سے کٹاس راج مندر چکوال پہنچ گئے جہاں آج 21دسمبر کو اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے ،کٹاس راج میں تعمیر کیے گئے رہائشی کمپلیس میں بھارتی ہندو یاتریوں کو کمرے الاٹ کر دیے گئے ۔ یاتریوں نے اپنے قدیم مذہبی استھان کٹاس راج پہنچے پر خوشی کا اظہار کیا جبکہ یاتریوں کے جذبات دیدنی تھے۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام بھارتی ہندو یاتریوں کے اعزاز میں مرکزی تقریب سہر پہر12 بجے منعقد ہو گی ۔تقریب میں بھارتی ہندو یاتریوں سمیت مقامی ہندو یاتریوں کی بڑی تعدا دشرکت کرے گی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شرائنز عمر جاوید اعوان کی زیر نگرانی یاتریوں کو اسپیشل بسوں کے ذریعے سخت سیکورٹی میں لاہور سے کٹاس راج پہنچے، سیکورٹی آفیسر عاصم چوہدری اور بورڈ کا سیکورٹی عملہ بھی ہمراہ موجود تھا ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے کٹاس راج مندر پہنچنے پر یاتریوں کا پر تپاک استقبال کیا گیا ۔ہندو مذہبی روایات کے مطابق یاتریوں کو کھانا پیش کیا گیا ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ وفاقی وزارت مذہبی امور براے بین ا لمذاہب ہم آہنگی اور چیئرمین بورڈ سید عطاء الرحمٰن کی خصوصی ہدایت پر ہندو یاتریوں کی پاکستان آمد کے حوالے سے سیکورٹی رہائش،ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مکمل سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں ۔بھارتی ہندو یاتری کٹاس راج مندر میں آج اپنی مذہبی رسومات (بھانو سپتمی ) ادا کریں گے جبکہ شام میں دیے جلانے کی رسومات ( دیپ مالا ) منعقد ہوگی ۔ کٹاس راج میں مذہبی رسومات کے اختتام پر یاتری22 دسمبر کو کٹاس راج سے لاہور روانہ ہوں گے۔
